واشنگٹن میں ریڈیو ایکٹیو بم یا کیمیائی ہتھیار سے حملے کا ایرانی منصوبہ؟ امریکی خفیہ ایجنسیوں کا دعویٰ، وائٹ ہاؤس میں تشویش
حیدرآباد-17نومبر ( اردولیکس ڈیسک) امریکی خفیہ ایجنسیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے ریڈیو ایکٹیو مواد پر مشتمل ’’ڈرٹی بم‘‘ یا کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے ممکنہ منصوبوں پر غور کررہا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے سات امریکی عہدیداروں کے حوالے سے یہ انکشاف کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مبینہ منصوبوں میں مخصوص مقامات اور اہداف کی نشاندہی بھی کی گئی ہے، جس کے بعد امریکی حکام نے حفاظتی انتظامات اور ہنگامی منصوبہ بندی تیز کردی ہے۔ تاہم امریکی عہدیداروں کے درمیان اس بات پر اختلاف ہے کہ ایران کے پاس ایسے حملے کی صلاحیت اور اسے عملی جامہ پہنانے کا ارادہ بھی ہے یا نہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ منصوبہ فوری حملے کی تیاری کے بجائے مستقبل میں ممکنہ کارروائی کے متبادل راستے تیار کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ تمام ممکنہ خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم اس وقت امریکہ کو کوئی قابل اعتبار فوری خطرہ لاحق نہیں ہے۔ دوسری جانب ایران کے اقوام متحدہ میں مشن نے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو جائز نہیں سمجھتا۔ واضح رہے کہ ڈرٹی بم روایتی دھماکہ خیز مواد کے ساتھ تابکار مادے کو پھیلانے والا ہتھیار ہوتا ہے، یہ جوہری بم نہیں ہوتا۔ یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی اور سفارتی تعطل برقرار ہے۔



