مصر میں پٹرول ٹینکر الٹ جانے سے بھیانک دھماکہ، آتشزدگی سے 31 افراد ہلاک، 21 زخمی، 27 گاڑیاں جل کر خاکستر
قاہرہ، 26 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے قریب ایک مصروف شاہراہ پر پٹرولیم مصنوعات سے لدے ٹینکر کے الٹ جانے کے بعد بھیانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں کم از کم 31 افراد ہلاک اور 21 دیگر زخمی ہوگئے۔ اس حادثہ میں متعدد کاریں، موٹر سائیکلیں اور دیگر گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آکر جل کر تباہ ہوگئیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شاہراہ پر افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔
یہ حادثہ چہارشنبہ کی شام صوبہ جیزہ کے الوراق علاقے میں قاہرہ کی رنگ روڈ پر پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات لے جانے والا ایک ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سڑک کے حفاظتی حصار سے ٹکرا گیا اور الٹ گیا، جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے انتہائی بھیانک شکل اختیار کرلی اور وہاں سے گزرنے والی دوسری گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ کے شعلے کئی فٹ بلند ہوگئے اور آسمان پر سیاہ دھویں کے بادل چھا گئے۔ اچانک آگ بھڑکنے کے باعث کئی گاڑیوں میں سوار افراد کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہیں ملا۔ بعض گاڑیاں مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئیں۔
39 ایمبولنس اور 30 سے زائد فائر انجن طلب
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مصری محکمہ شہری دفاع اور امدادی ٹیمیں حرکت میں آگئیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے 39 ایمبولنس گاڑیاں روانہ کی گئیں، جبکہ آگ پر قابو پانے کے لیے 30 سے زائد فائر انجنوں کو تعینات کیا گیا۔ زخمیوں کو امبابہ جنرل، الوراق سینٹرل، زاید اسپیشلسٹ اور دیگر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں کئی افراد شدید جھلس گئے ہیں اور بعض کے جسم کا 30 سے 80 فیصد حصہ جلنے کی اطلاعات ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں حادثہ کے مقام پر مجموعی طور پر 27 گاڑیوں کے جل کر تباہ ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے، جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔
صدر السیسی کا اظہار تعزیت، تحقیقات کا حکم
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے ورثاء سے تعزیت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو حادثہ کے مقام سے ملبہ ہٹانے اور ٹریفک کی بحالی کے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔
دوسری جانب مصری پبلک پراسیکیوشن نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام نے حادثہ کے مقام کا معائنہ کیا اور اسپتالوں میں زخمیوں سے معلومات حاصل کیں۔ جن نعشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے نمونے حاصل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹینکر کے بے قابو ہوکر حفاظتی دیوار سے ٹکرانے اور الٹنے کے بعد آتشزدگی ہوئی، تاہم حادثہ کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔
حادثہ کے باعث قاہرہ کی رنگ روڈ کے بعض حصوں پر ٹریفک بند کردی گئی، جس کے نتیجے میں طویل ٹریفک جام ہوگیا۔ حکام نے متاثرہ مقام پر ٹریفک کی بحالی اور امدادی کارروائیوں کو ترجیح دی ہے۔
واضح رہے کہ ابتدائی سرکاری اطلاعات میں ہلاکتوں کی تعداد 30 اور زخمیوں کی تعداد 25 بتائی گئی تھی، تاہم مصری وزارت صحت کے تازہ ترین اعلان کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 31 اور زخمیوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔



