متحدہ عرب امارات میں مسافر بس اور لاری میں خوفناک تصادم، 13 افراد ہلاک، ہندوستانی شہری بھی شامل، 14 زخمی
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں منگل کی صبح پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثہ میں 13 افراد ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ ہندوستانی قونصل خانہ دبئی نے ہندوستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، تاہم ان کی صحیح تعداد اور شناخت کی تفصیلات فی الحال جاری نہیں کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق راس الخیمہ کی الوطَن روڈ پر 41 مسافروں کو لے جانے والی ایک بس سڑک کے کنارے خرابی کے باعث کھڑی لاری سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ ابتدائی طور پر 11 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ شدید زخمی ہونے والے مزید دو افراد نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا، جس کے بعد مہلوکین کی تعداد 13 ہوگئی۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایمبولنس، شہری دفاع اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حکام نے حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دبئی میں ہندوستانی قونصل خانہ نے مہلوکین کے افراد خاندان سے رابطہ قائم کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ قونصل خانہ نے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے 24 گھنٹے ہیلپ لائن نمبر 800-46342 بھی جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں نومبر کے دوران یہ دوسرا بڑا سڑک حادثہ ہے۔ اس سے قبل فجیرہ میں 23 گاڑیوں کے تصادم میں 14 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے تھے، جن میں چار ہندوستانی شہری بھی شامل تھے۔



