ایران میں بغیر حجاب گانا گانے والی معروف گلوکارہ کو 74 کوڑے مار دیئے گئے، چار ساتھیوں کو بھی سزا

تہران – 24 نومبر : ایران میں لازمی حجاب کے بغیر گانا گانے والی معروف خاتون گلوکارہ پرستو احمدی کو 74 کوڑے مارے گئے۔ ان کے ساتھ موسیقی کی ٹیم کے چار دیگر ارکان کو بھی یہی سزا دی گئی۔ یہ کارروائی پیر 23 نومبر کو شہر قم میں انجام دی گئی۔ گلوکارہ کے وکیل مصطفیٰ نیلی نے اس کی تصدیق کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ معاملہ دسمبر 2024 میں پیش آنے والے ایک آن لائن کنسرٹ سے متعلق ہے، جس میں 29 سالہ گلوکارہ پرستو احمدی نے بغیر حجاب کے گانا گایا تھا۔ اس پروگرام میں مرد موسیقار بھی شریک تھے۔ کنسرٹ کسی سامعین کی موجودگی کے بغیر تاریخی مقام دیر گچین کاروان سرائے میں منعقد کیا گیا تھا اور اسے یوٹیوب پر براہ راست نشر کیا گیا تھا۔ اس ویڈیو کو چند ہی دنوں میں لاکھوں افراد نے دیکھا تھا۔
ایرانی حکام نے اس پروگرام کو عوامی اخلاقیات کے خلاف قرار دیتے ہوئے گلوکارہ اور ان کی ٹیم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ عدالت نے نو افراد کو فی کس 74 کوڑوں کی سزا سنانے کے علاوہ دو سال تک ملک سے باہر جانے اور دو سال تک فنکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی تھی۔ تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق گلوکارہ اور ان کی ٹیم کے چار ارکان کو کوڑے مارنے کی سزا پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔
اس واقعہ پر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور مغربی ممالک کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے کوڑے مارنے کی سزا کو ظالمانہ اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے ایرانی حکومت سے خواتین کے حقوق اور اظہارِ رائے کی آزادی کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں خواتین کے لیے عوامی مقامات پر حجاب پہننا لازمی ہے۔ 2022 میں مہسا امینی کی پولیس تحویل میں موت کے بعد ملک بھر میں حجاب کے قانون اور خواتین کی آزادی سے متعلق بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔





