انٹر نیشنل

امریکی ویزا کے خواہش مندوں کیلئے خوشخبری – اضافی فیس پر 10 دن میں انٹرویو کی سہولت

حیدراباد – 9جون ( اردو لیکس ڈیسک) امریکہ میں ویزا انٹرویو کے طویل انتظار کو کم کرنے کے لئے ٹرمپ انتظامیہ ایک نئی پالیسی متعارف کرانے جا رہی ہے۔ اس مقصد کے تحت ’’پریمیم سروس‘‘ کے نام سے ایک خصوصی پائلٹ پروگرام شروع کیا جائے گا،

 

جس کے تحت 750 ڈالر اضافی فیس ادا کرنے والے درخواست دہندگان کے ویزا انٹرویو تیزی سے طے کئے جائیں گے۔ یہ سہولت کاروباری (بزنس) اور سیاحتی (ٹورسٹ) ویزا درخواست گزاروں کے لئے دستیاب ہوگی۔ اس سلسلے میں امریکی محکمہ خارجہ نے حال ہی میں اپنے فیڈرل رجسٹر میں ایک نوٹس بھی شائع کیا ہے۔

 

فی الحال بزنس اور ٹورسٹ ویزا کے لئے درخواست گزار 185 ڈالر پروسیسنگ فیس ادا کرتے ہیں۔ نئی اسکیم کے تحت اگر وہ اس کے علاوہ 750 ڈالر مزید ادا کریں تو منتخب امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں ادائیگی کے 10 دن کے اندر ویزا انٹرویو شیڈول کرانے کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ نوٹس کے مطابق یہ پائلٹ پروگرام یکم جولائی سے 31 دسمبر تک نافذ رہے گا۔

 

ابھی تک اس پروگرام کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ یکم جولائی سے قبل ان سفارت خانوں اور قونصل خانوں کی فہرست جاری کر دی جائے گی جہاں یہ سہولت دستیاب ہوگی۔ اگرچہ یہ پریمیم سروس ابتدائی طور پر چھ ماہ کے لئے متعارف کرائی جا رہی ہے، لیکن حالات کے مطابق اس کی مدت میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔

 

واضح رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد امریکہ نے ویزا پالیسیوں کو مزید سخت بنا دیا ہے۔ غیر قانونی ہجرت کو روکنے کے لئے بھاری ویزا فیس، بانڈز اور سوشل میڈیا جانچ جیسے ضوابط نافذ کئے گئے ہیں۔ ان اقدامات کے باعث دنیا کے مختلف ممالک میں امریکی ویزا درخواستوں کی جانچ کا عمل سست پڑ گیا ہے اور کئی مقامات پر درخواست گزاروں کو انٹرویو کے لئے مہینوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔

 

اسی پس منظر میں درخواست گزاروں کو کچھ راحت فراہم کرنے کے لئے  یہ نئی پریمیم سروس متعارف کرائی جا رہی ہے۔ تاہم اضافی فیس کی ادائیگی کے باوجود ویزا منظوری کی کوئی ضمانت نہیں ہوگی۔ یہ سہولت صرف انٹرویو کی تاریخ جلد حاصل کرنے کے لئے فراہم کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button