نیشنل

مسلمان اپنے آباؤ اجداد رام اور کرشن کو تسلیم کریں، بابا رام دیو کی شر انگیزی

یوگا گرو بابا رام دیو نے ایک بار پھر شر ا.گیز بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کے تمام مسلمان مذہب تبدیل کرنے والے افراد کی اولاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو بھگوان رام اور بھگوان کرشن کو اپنے آباؤ اجداد تسلیم کرنا چاہیے۔ بابا رام دیو نے چہارشنبہ کے روز متھرا میں ایک خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔

 

مجلس کے سربراہ بیرسٹر اسد الدین اویسی کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہ ہندوستان میں کوئی بھی سیاسی جماعت مسلمانوں کو آزاد سیاسی نمائندگی فراہم نہیں کرنا چاہتی اور انہیں صرف ووٹ بینک کے طور پر دیکھتی ہے، رام دیو نے کہا کہ تمام مسلم بھائیوں کو تسلیم کرنا چاہیے کہ قدیم رشی منی، شری رام اور شری کرشن ان کے آباؤ اجداد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جڑوں سے جڑنے کے بعد وہ خود کو کبھی کمزور محسوس نہیں کریں گے۔ رام دیو کے مطابق ہندو اور مسلمان متحد رہیں گے تو ہی ملک مزید مضبوط ہوگا۔

 

اس طرح کے بیانات ماضی میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی اور اترپردیش کے وزیر آنند سوروپ شکلا بھی دے چکے ہیں۔

 

تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے اس بیان پر بھی رام دیو نے ردعمل ظاہر کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’’شیو غریبوں کے دیوتا ہیں اور رام امیروں کے دیوتا ہیں۔‘‘ رام دیو نے کہا کہ سناتن دھرم میں ذات اور طبقے کے نام پر بعض لوگ اختلافات پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رام، کرشن، شیو اور ہنومان سب ایک ہی ہیں، اس لیے بھگوان کے نام پر الجھن پیدا نہ کی جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button