انٹر نیشنل

ہائی جیک نہیں، طیارہ تباہ کرنے کی کوشش! ہندوستانی کپتان نے جان پر کھیل کر 180 مسافروں کو بچالیا – اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

فلائی دبئی کے طیارے میں پیش آئے واقعہ نے سنسنی پھیلا دی۔ طیارے کے کاک پٹ میں پائلٹ اور کو پائلٹ کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے دوران کو پائلٹ نے پائلٹ پر چاقو سے حملہ کردیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ زخمی پائلٹ ہندوستانی شہری ہے اور اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسی کی بروقت کارروائی کے باعث طیارے میں سوار 180 مسافروں کی جانیں بچ سکیں۔

 

اطلاعات کے مطابق دبئی سے روانگی کے تقریباً ڈھائی گھنٹے بعد کاک پٹ میں پائلٹ اور کو پائلٹ کے درمیان تنازع شروع ہوا۔ الزام ہے کہ عمانی کو پائلٹ نے طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔ ہندوستانی کپتان نے اس کوشش کو روکنے کی کوشش کی، جس پر دونوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی۔ اسی دوران کو پائلٹ نے ہندوستانی کپتان پر چاقو سے کئی وار کردیئے، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے اور کاک پٹ میں خون پھیل گیا۔

 

جھڑپ میں کو پائلٹ بھی زخمی ہوا۔ بعد ازاں ڈیوٹی سے باہر موجود دو پائلٹوں نے طیارے کا کنٹرول سنبھالا اور اسے سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔

 

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی کپتان نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر طیارے کو ممکنہ تباہی سے بچایا، جس کے نتیجے میں 180 مسافر محفوظ رہے۔ تاہم اس دعوے کی ابھی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے اور اسرائیلی حکومت کی جانب سے بھی اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

 

واقعہ کے دہشت گردی کے پہلو سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کو پائلٹ نے کسی ممکنہ دہشت گردانہ منصوبے کے تحت طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہو۔ حکام کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعہ کی اصل وجہ اور دیگر تفصیلات واضح ہوسکیں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button