فلک نما ایکسپریس کے ڈبے انجن سے الگ ہوگئے

حیدرآباد ۔ مسافرین سے بھری ٹرین میں ایک غیر متوقع واقعہ پیش آیا جس کے باعث مسافروں میں افراتفری پھیل گئی۔ تیز رفتار سے دوڑنے والی ٹرین کے ڈبے اچانک الگ ہو گئے، جس کے نتیجے میں انجن آگے بڑھتا گیا جبکہ پیچھے کے ڈبے پٹری پر رک گئے۔
یہ حادثہ آندھرا پردیش کے ضلع سریکاکولم کے علاقے پالسا میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہونے والی فلک نما سوپرفاسٹ ایکسپریس ٹرین اپنی منزل کی طرف جا رہی تھی۔ اس دوران جب ٹرین پالسا کے مضافاتی علاقے کے قریب پہنچی، کئی ڈبے اچانک الگ ہو گئے اور پٹری پر رک گئے۔ چونکہ لوکو پائلٹ کو فوراً اس بات کا علم نہیں ہو سکا انجن اور اس سے جڑے کچھ ڈبے کافی دور تک چلے گئے۔ ادھر، پٹری پر رکنے والے ڈبوں میں موجود مسافروں نے فوراً ریلوے حکام کو اطلاع دی، جس کے بعد عہدیدار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
ریلوے حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انجن کو واپس بلایا اور الگ ہوئے ڈبوں کو دوبارہ ٹرین سے جوڑنے کا عمل شروع کیا۔ اس کے ساتھ ہی یہ تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں کہ یہ ڈبے ٹرین سے کیسے الگ ہوئے۔