رات کے اوقات ٹرینوں میں سخت قوانین۔ مسافرین کیلئے بھی اہم ہدایات

نئی دہلی ۔ دن بھر کی تھکاوٹ کے بعد جب کوئی مسافر ٹرین میں سوار ہوتا ہے تو اس کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ سکون سے سو سکے لیکن اگر ساتھ والی سیٹ پر بیٹھا شخص موبائل فون پر اونچی آواز میں بات کرے آدھی رات کے بعد ٹی ٹی ای آکر ٹکٹ مانگے یا صبح سویرے مڈل برتھ کو نیچے نہ کیا جائے تو سفر پریشان کن بن جاتا ہے۔
ان تمام مسائل کو روکنے اور مسافروں کو پرسکون نیند کے ساتھ مکمل حفاظت فراہم کرنے کے لیے ہندوستانی ریلوے نے سخت قوانین نافذ کیے ہیں۔ رات کے سفر کے دوران مسافروں کے ساتھ ساتھ ریلوے عملے کے لیے بھی ان قوانین پر عمل کرنا لازمی ہے۔
1۔ رات کے وقت اشیائے خوردونوش کی فروخت پر پابندی
رات 10 بجے کے بعد ٹرین کے ڈبے کی تمام بڑی لائٹس بند کردی جائیں گی اور صرف نائٹ لیمپس روشن رہیں گے۔
رات کے وقت ڈبوں میں چائے، کافی اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرتے ہوئے آوازیں لگانے کی اجازت نہیں ہوگی صرف وہی مسافر کھانا حاصل کرسکیں گے جنہوں نے پہلے سے آن لائن آرڈر دیا ہو۔
2۔ موبائل اور لیپ ٹاپ چارجنگ بند
آگ لگنے کے واقعات کو روکنے کے مقصد سے ریلوے بورڈ نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔
رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک ٹرین کے ڈبوں میں موبائل فون اور لیپ ٹاپ چارج کرنے والے پوائنٹس کی بجلی مکمل طور پر بند رہے گی۔اس قانون کا مقصد یہ ہے کہ جب مسافر سو رہے ہوں تو ان کے الیکٹرانک آلات زیادہ گرم ہوکر کسی حادثے کا سبب نہ بنیں۔ٹرینوں میں پاور بینک پھٹنے کے واقعات کے بعد ریلوے بورڈ نے تمام زونل ریلوے کو اس سلسلے میں احکامات جاری کیے ہیں۔
3۔ مخصوص ڈبوں میں داخلے پر پابندی
رات 10 بجے کے بعد ویٹنگ لسٹ یا جنرل ٹکٹ رکھنے والے مسافروں کو ریزروڈ ڈبوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔اگر کوئی مسافر ان قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس پر جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ریلوے عملے کو اسے ٹرین سے اتارنے کا اختیار بھی ہوگا۔
4۔ رات کے وقت ٹکٹوں کی جانچ پر پابندی
رات 10 بجے سے صبح 6 بجے کے درمیان ٹکٹ ایگزامینر (TTE) مسافروں کو نیند سے جگا کر ٹکٹ چیک نہیں کرسکتا۔جو مسافر رات 10 بجے سے پہلے ٹرین میں سوار ہوچکے ہوں ان کے ٹکٹ اسی وقت تک چیک کرلینے چاہئیں۔البتہ جو مسافر رات 10 بجے کے بعد ٹرین میں سوار ہوتے ہیں ان کے لیے اس اصول میں رعایت ہوگی۔
اگر ویجیلنس ڈپارٹمنٹ کو کسی مسافر پر شک ہو یا ڈبے میں غیر مجاز مسافروں کی موجودگی کی اطلاع ملے تو ٹکٹوں کی جانچ کی جاسکتی ہے۔
5۔ موبائل فون کے استعمال پر پابندیاں
رات 10 بجے کے بعد ایسا موبائل فون استعمال کرنا منع ہے جس سے دوسرے مسافروں کو پریشانی ہو۔اونچی آواز میں موبائل فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔بغیر ایئر فون کے گانے سننا منع ہوگا۔بغیر ایئر فون کے ویڈیوز دیکھنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔گروپ کی شکل میں سفر کرنے والے مسافروں کو بھی خاموشی برقرار رکھنی ہوگی۔
6۔ شکایت درج کرانے کی سہولت
ریلوے کی جانب سے متعارف کرائے گئے ان نئے قوانین پر رات کے سفر کے دوران تمام مسافروں کو عمل کرنا ہوگا۔اگر کوئی شخص ان قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے یا دوسرے مسافروں کے لیے پریشانی پیدا کرتا ہے تو اس کی شکایت ڈبے میں موجود ٹی ٹی ای یا آر پی ایف کے عملے سے کی جاسکتی ہے۔
اس کے علاوہ مسافر ریلوے ہیلپ لائن نمبر 139 پر کال کرکے یا RailMadad ایپ کے ذریعے بھی اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں۔



