نیشنل

دہلی پولیس اسٹیشن میں نبیل کا چاقو کے ساتھ ہنگامہ – 9 پولیس اہلکاروں پر حملہ؛ فرار ہونے پر پولیس کی 6 گولیاں ٹانگوں میں لگیں

نئی دہلی، 24 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) دہلی کے جامع مسجد پولیس اسٹیشن میں پیر کو ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، جہاں خاندانی تنازعہ کے سلسلے میں کونسلنگ کے لیے طلب کئے گئے 30 سالہ نوجوان نبیل نے اچانک چاقو سے پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا۔ اس حملے میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ واردات کے بعد ملزم پولیس اسٹیشن سے فرار ہوگیا اور مبینہ طور پر ایک شہری کا اسکوٹر چھین کر فرار ہونے لگا۔

 

پولیس کے مطابق ملزم نبیل کا تعلق جامع مسجد کے علاقے کالا محل سے ہے۔ اس کی والدہ اور بہن نے شکایت درج کروائی تھی کہ وہ انہیں پریشان کررہا ہے۔ اسی شکایت پر اسے پیر کی دوپہر تقریباً 2:30 بجے کونسلنگ کے لیے پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا تھا۔ پولیس اہلکاروں سے بات چیت کے دوران اس نے اچانک چاقو نکال کر حملہ کردیا، جس میں سب انسپکٹر اجئے، سب انسپکٹر اروند، ہیڈ کانسٹیبل ہریندر، اے ایس آئی شری کرشنا اور ہیڈ کانسٹیبل بلجیت زخمی ہوگئے۔ ان میں بعض کو چہرے اور گردن پر شدید زخم آئے۔

 

واقعہ کے بعد پولیس کی اینٹی آٹو تھیفٹ اسکواڈ اور اسپیشل اسٹاف کی مشترکہ ٹیم نے ملزم کی تلاش شروع کردی۔ شام تقریباً 4:30 بجے اسے چتلی قبر کے علاقے میں گھیر لیا گیا، لیکن گرفتاری کی کوشش کے دوران اس نے دوبارہ چاقو سے حملہ کردیا، جس میں کانسٹیبل انکت، جینت، لوکیش اور پرمیندر زخمی ہوگئے۔

 

پولیس نے ملزم کو قابو میں کرنے کے لیے جوابی فائرنگ کی۔ مجموعی طور پر 8 راؤنڈ فائر کئے گئے، جن میں سے 6 گولیاں ملزم کی ٹانگوں میں لگیں۔ زخمی ملزم کو علاج کے لیے ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اس طرح دونوں حملوں میں مجموعی طور پر 9 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

 

اس واقعہ کے ایک دن بعد منگل کو پولیس نے تازہ اطلاع دی ہے کہ چاقو کے حملوں میں زخمی ہونے والے تمام 9 پولیس اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس فائرنگ میں زخمی ہونے والے ملزم نبیل کی بھی سرجری کردی گئی ہے اور وہ بھی خطرے سے باہر بتایا گیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق نبیل کے خلاف 2022 میں دریائے گنج پولیس اسٹیشن میں خطرناک ہتھیار سے کسی کو زخمی کرنے کا ایک مقدمہ درج تھا۔ اس واقعہ کے سلسلے میں تین مقدمات درج کئے گئے ہیں، جن میں پولیس اسٹیشن میں حملہ، اسکوٹر چھیننے اور پولیس ٹیم پر دوبارہ حملہ کرنے کے معاملات شامل ہیں۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button