تلنگانہ کے نارائن پیٹ میں کل جماعتی مسلم قائدین کی جانب سے وقف ترمیمی بل کے خلاف زبردست احتجاجی ریالی

نارائن پیٹ : 08 اپریل (اُردو لیکس) تلنگانہ کے نارائن پیٹ میں آج بروز منگل صبح کل جماعتی مسلم قائدین کی جانب سے وقف ترمیمی بل کے خلاف زبردست احتجاجی ریالی نکالی گئی ۔ ریالی کا آغاز مرکزی جامع مسجد سے کیا گیا جو شہر کے مختلف شاہراہوں و چوراہوں سے ہوتے ہوئے آر ڈی او آفس پہنچ کر آر ڈی او کو ایک میمورنڈم دیا گیا۔
احتجاج میں شریک افراد نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ وقف ترمیمی بل ملک کے دستور، آئین اور مسلمانوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت ملک میں مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی پھیلا کر نفرت کا ماحول پیدا کر رہی ہے۔
بعد اذاں عبد السلیم ایڈوکیٹ نے زور دے کر کہا کہ وقف اراضیات اور وقف املاک قیامت تک وقف ہی رہیں گی، اور پرسنل لاء میں مداخلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
احتجاج کے دوران "واپس لو واپس لو وقف بل واپس لو ” جیسے نعرے بلند کیے گئے، اور مظاہرین نے اعلان کیا کہ وقف ترمیمی بل جب تک واپس نہیں لیا جاتا تب تک اِسی طرح مسلسل احتجاج کرتے رہینگے۔ اس احتجاج میں عوام بالخصوص نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔