خلیج بنگال میں شدید سمندری طوفان ’اکوان‘، 20 نومبر کو آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے ساحلوں سے ٹکرانے کا امکان

حیدرآباد: خلیج بنگال میں تشکیل پانے والا شدید سمندری طوفان ’اکوان‘ ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات ہند (آئی ایم ڈی) کے مطابق طوفان گزشتہ چھ گھنٹوں سے 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغرب کی سمت پیش قدمی کررہا ہے۔ اس وقت یہ مغربی وسطی خلیج بنگال میں آندھرا پردیش کے نرساپور سے 480 کلو میٹر جنوب مشرق، کالیگاپٹنم سے 510 کلو میٹر جنوب مشرق، چینائی سے 560 کلو میٹر مشرق اور اڈیشہ کے گوپال پور سے 600 کلو میٹر جنوب میں موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان 20 نومبر بروز جمعہ دوپہر تک نرساپور اور پوری کے درمیان شمالی آندھرا پردیش، یانم اور جنوبی اڈیشہ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے۔ اس دوران 90 تا 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے جبکہ ہوا کی رفتار 110 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
طوفان کے پیش نظر اڈیشہ حکومت نے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے خطرے والے علاقوں سے تقریباً 50 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔ چیف منسٹر نے بدھ کو اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جانی نقصان کو روکنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ حکومت نے صفر جانی نقصان کو اپنا ہدف قرار دیا ہے۔



