جرائم و حادثات

معصوم بچی کا اغوا۔ گریٹر حیدرآباد میں واقعہ سے سنسنی

حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد کے امین پور میں ڈھائی سالہ کمسن بچی کے اغوا کی واردات سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔

 

پولیس اور بچی کے ارکان خاندان کے مطابق سنگاریڈی ضلع کے چوٹاکور منڈل کے کورپول گاؤں کی ساکن سرتھا گزشتہ کئی برسوں سے امین پور چندانگر روڈ پر سمّکّا سارکّا مندر کے قریب آر آر ہومز میں رہائش پذیر ہے۔

 

گزشتہ سال شوہر کی موت کے بعد وہ اپنی دو بیٹیوں کے ساتھ رہتے ہوئے سبزیاں فروخت کرکے گزر بسر کررہی ہے۔چہارشبہ کے روز اس نے اپنی بڑی بیٹی کو اسکول بھیجا تھا۔ دوپہر تقریباً 12:30 بجے اس نے اپنی چھوٹی بیٹی اکشیتا کو موبائل فون دیا

 

اور کسی کام سے پڑوس کے مکان میں چلی گئی۔ تقریباً 15 منٹ بعد جب وہ واپس آئی تو بچی گھر سے غائب تھی۔ اطراف کے علاقوں میں تلاش کرنے کے باوجود اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ماں کی شکایت پر پولیس نے انسپکٹر پروین ریڈی کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر تلاش شروع کردی۔

 

علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ ایک خاتون بچی کو اٹھاکر لے گئی ہے۔پولیس کے مطابق خصوصی ٹیمیں بچی کی تلاش میں مصروف ہیں اور واقعہ کی تمام ممکنہ زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

 

آخری اطلاعات موصول ہونے تک معلوم ہوا ہے کہ مغویہ لڑکی کا پتہ چلا گیا ہے اور اسے اغوا کنندگان کے چنگل سے چھڑا لیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button