اڑان بھرنے کے بعد چنئی سے حیدرآباد آنے والی اسپائس جیٹ کی پرواز میں اچانک فنی خرابی – واپس ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ

حیدرآباد _ 4 جولائی (! اردولیکس) چنئی سے حیدرآباد آنے والی اسپائس جیٹ کی پرواز میں اچانک فنی خرابی پیدا ہونے کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
پرواز نے جیسے ہی چنئی ایئرپورٹ سے اُڑان بھری، پائلٹ نے انجن سے متعلق ایک تکنیکی خرابی محسوس کی۔ پائلٹ نے فوری چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنٹرول روم کو اطلاع دی اور طیارے کو واپس موڑ کر چنئی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرائی۔
طیارے میں تقریباً 180 مسافر سوار تھے، جو اس اچانک صورتحال سے سخت پریشان ہوگئے۔ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا اور طیارے کا معائنہ شروع کردیا گیا۔ ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق، انجینئرنگ ٹیم نے فوری طور پر طیارے کی جانچ کی اور خرابی کی وجوہات تلاش کی جا رہی ہیں۔
متاثرہ مسافروں کو متبادل پرواز سے حیدرآباد روانہ کرنے کے انتظامات کئے گئے۔ کچھ مسافروں نے شکایت کی کہ انہیں دو گھنٹوں تک ہوائی اڈے پر معلومات کے بغیر انتظار کروایا گیا۔
واقعہ کے بعد ایوی ایشن حکام نے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے اور واقعہ کی مکمل جانچ کا حکم دیا ہے۔ اس واقعہ نے ایک بار پھر ایئرلائنز کی تکنیکی نگرانی اور حفاظتی اقدامات پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔