این آر آئی

سعودی عرب میں ہندوستانی شہری چوکس رہیں، غیر مصدقہ ویڈیوز اور خبریں شیئر نہ کریں: بھارتی سفارتخانہ

ہندوستانی سفارتخانہ، ریاض نے سعودی عرب میں موجود ہندوستانی شہریوں کے لیے موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کی ہے۔

 

ریاض: سعودی عرب میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہندوستانی سفارتخانے نے مملکت میں مقیم تمام ہندوستانی شہریوں کو چوکس اور محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ سفارتخانے نے شہریوں کو ضرورت کے مطابق گھروں کے اندر رہنے اور مقامی حکام کی جانب سے سرکاری ذرائع سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

 

سفارتخانے نے ہندوستانی شہریوں سے جاری واقعات سے متعلق کسی بھی ویڈیو یا خبر کو گردش میں لانے یا دوبارہ شیئر کرنے سے سختی سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔

 

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی سفارتخانہ ریاض، جدہ میں بھارتی قونصل خانہ اور وی ایف ایس کے ذریعے فراہم کی جانے والی آؤٹ سورس خدمات معمول کے مطابق جاری ہیں۔ ضرورت کے مطابق سفارتخانہ اور قونصل خانہ وقتاً فوقتاً تازہ معلومات اور ایڈوائزری جاری کریں گے۔

 

ہندوستانی شہری کسی بھی ہنگامی یا ضروری مدد کے لیے پراواسی بھارتیہ سہایتا کیندر (PBSK) کی 24 گھنٹے دستیاب ہیلپ لائن 8002471234 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

 

سفارتخانے نے ہندوستانی کمیونٹی سے تازہ ترین معلومات کے لیے سفارتخانے کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو فالو کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

 

ایڈوائزری 8 اکتوبر 2026 کو ریاض سے جاری کی گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button