این آر آئی

شکاگو میں اولین کتاب "دردِ اردو” کی تقریبِ رونمائی اور محفلِ مشاعرہ کا شاندار انعقاد

اردو کے تحفظ اور فروغ کے لیےآرکیٹیکٹ محمد عبدالرحمٰن سلیم کی کاوشیں قابل ستائش 

شکاگو میں اولین کتاب "دردِ اردو” کی تقریبِ رونمائی اور محفلِ مشاعرہ کا شاندار انعقاد

 

شکاگو(الینوائے )— 15 نومبر(ای میل) ادب نواز شخصیات، شعراء، دوستوں اور اہلِ خانہ کی موجودگی میں آرکیٹیکٹ محمد عبدالرحمٰن سلیم کی پہلی تصنیف "دردِ اردو” کی تقریبِ رونمائی کے سلسلے میں ایک دو نشستوں پر مشتمل پُروقار ادبی و ثقافتی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی قونصل جنرل آف انڈیا، عزت مآب ڈاکٹر ایم آنند پرکاش تھے۔

 

تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر افضل الرحمٰن افسر اور ڈاکٹر عبدالحکیم نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ پہلی نشست کا آغاز عائشہ مدیحہ بصیر کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد سلیمان احمد سلیم نے قرآنِ مجید کا ترجمہ پیش کیا۔تقریب میں کتاب کے ادبی محاسن اور مصنف کے ادبی سفر پر روشنی ڈالی گئی۔

 

مصنف کے صاحبزادے عدنان احمد سلیم نے اپنے والد کا تعارف کراتے ہوئے ان کی زندگی اور پہلی کتاب کی اشاعت کے سفر پر اظہارِ خیال کیا، جس کے بعد ان کی بہو کلثوم خان سلیم نے اہلِ خانہ کی نمائندگی کرتے ہوئے جذباتی کلمات پیش کیے۔ بعد ازاں مصنف آرکیٹیکٹ اے آر سلیم نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

 

معروف اردو دانشوروں اور ادبی شخصیات جن میں جناب محبوب علی خان، جناب امین حیدر، پروفیسر مسرور قریشی، ڈاکٹر منیرالزماں منیر، محترمہ رئیس یاور اور جناب سید اشفاق حسین شامل تھے ‘نے کتاب پر جامع تبصرہ کیا، اردو زبان کے فروغ میں اس کی اہمیت کو سراہا اور مصنف کی ادبی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔پہلی نشست کا سب سے اہم مرحلہ مہمانِ خصوصی عزت مآب ڈاکٹر ایم آنند پرکاش کے ہاتھوں مصنف، معززین اور اہلِ خانہ کی موجودگی میں کتاب "دردِ اردو” کی باضابطہ رونمائی تھا۔ اپنے کلیدی خطاب میں ڈاکٹر پرکاش نے اردو ادب کے تحفظ اور فروغ کے لیے ارکیٹ محمد عبدالرحمن سلیم کی جانے والی اس کاوش کی بھرپور ستائش کی اور اور کہا کہ اردو زبان کی چاشنی دنیا بھر میں مشہور ہے

 

آرکیٹیکٹ کے عبدالرحمن سلیم نے اس کتاب کی تصنیف کے ذریعے اردو ادب میں ایک گراں قدر اضافہ کیا ہے اس طرح کی کوششوں اور کاوشوں کو ہم سب کو سراہنا چاہیے عبدالرحمن سلیم ہمیشہ ہی سے اردو کے فروغ میں بڑی دلچسپی لیتے ہیں اور اہم کردار ادا کرتے ہیں ان کے اردو کے جذبے کو ہم قدر و منزلت کی نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔ تقریب کے صدر ڈاکٹر توفیق انصاری احمد نے اپنے صدارتی کلمات کے ساتھ رسمی تقاریر کا اختتام کیا۔

 

ظہرانے سے قبل شرکائے تقریب نے آرکیٹیکٹ سلیم کو ان کی اس شاندار کامیابی پر گلدستے پیش کر کے تہنیت پیش کی۔ظہرانے کے بعد تقریب کی دوسری نشست یعنی محفلِ مشاعرہ کا انعقاد دوپہر 2:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک ہوا۔ اس مشاعرے میں شریک متعدد شعرائے کرام نے اپنی خوبصورت نظموں اور اشعار کے ذریعے سامعین کو محظوظ کیا اور اردو شاعری کی چاشنی اور گہرائی کا جشن منایا۔

۔

متعلقہ خبریں

Back to top button