این آر آئی

سعودی عرب میں تجارتی اداروں کے کارکنوں کا پروفیشنل پرمٹ یکم جون سے لازمی

حیدرآباد ۔ کے این واصف

سعودی عرب میں غیر ملکیوں پر کسی مقامی فرد کے نام سے اپنا کاروبار چلانے پر پابندی کے بعد اب سعودی وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے تجارتی اداروں پر آئندہ ماہ سے نئی پابندی عائد کردی ہے۔

یکم جون 2023 سے 40 قسم کی تجارتی سرگرمیوں کے کارکنوں کے پروفیشنل پرمٹ جاری کرانے ہوں گے۔ عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے توجہ دلائی ہے کہ ’تجارتی ادارے اپنے کارکنان کے پروفیشنل پرمٹ ’بلدی‘ پورٹل کے ذریعے آن لائن جاری کروا سکتے ہیں۔‘

وزارت بلدیات کا کہنا ہے کہ ’پیشہ ورانہ کاروبار کی بنیادی شرط یہ ہے کہ ملازم پروفیشنل پرمٹ ہولڈر ہو۔ اس کے بغیر تجارتی اداروں کو نہ تو کاروباری پرمٹ جاری ہوں گے اور نہ ہی پرمٹ میں توسیع ہو گی۔‘ وزارت کا کہنا ہے کہ ’پہلے مرحلے میں کم از کم ایک پروفیشنل پرمٹ ہولڈر کارکن رکھنا ضروری ہو گا۔‘

وزارت کا کہنا ہے کہ ’پروفیشنل پرمٹ سرٹیفکیٹ یا تجربے اور ضروری مہارت کے ثبوت فراہم کرنے پر ہی دیا جائے گا۔‘ وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے تجارتی اداروں کے مالکان سے کہا ہے کہ ’وہ بلدی پورٹل کے ذریعے اپنے ملازمین کے پروفیشنل پرمٹ جلد از جلد جاری کروا لین ورنہ تجارتی اداروں کے کاروباری پرمٹ کی توسیع نہیں ہو گی۔‘

وزارت نے توجہ دلائی ہے کہ ’پروفیشنل پرمٹ ہولڈر تجارتی اداروں کو صارفین کا اعتبار حاصل ہو گا اور ان کی مسابقت کی حیثیت مضبوط ہو گی۔ پرمٹ ہولڈر کو بھی متعدد فائدے ہوں گے۔ نقصانات کی صورت میں انہیں معاوضہ ملے گا۔‘ دریں اثنا وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے اس سے قبل کہا تھا کہ 81 پیشوں میں پروفیشنل ٹیسٹ سرٹیفکیٹ جاری ہو گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button