شادی شدہ رشتہ دار سے شادی کروانے کی کوشش، حیدرآباد کی لڑکی گھر سے فرار پسند کے نوجوان سے نکاح

حیدرآباد: ایک لڑکی نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے گھر والے اس کی مرضی کے خلاف اس کی شادی اس کے دور کے رشتہ دار سے کروانا چاہتے تھے۔ اس دباؤ سے تنگ آکر خاتون گھر سے چلی گئی اور اپنی پسند کے نوجوان سے شادی کرلی۔
حیدرآباد کے علاقہ قسمت پور سن سٹی کی رہنے والی آفرین شریف نے ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ اس کے گھر والے اس کی شادی اس کے دور کے رشتہ سے کروانا چاہتے تھے جو پہلے ہی شادی شدہ ہیں۔ لڑکی کے مطابق ان کے رشتہ دار والدہ نے انہیں یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ اپنے بیٹے کی موجودہ شادی ختم کروا کر طلاق دلوا دیں گی۔
آفرین نے سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی کرنے والے نوجوان سید اذان علی سے شادی کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ تاہم اس کے گھر والوں نے یہ کہتے ہوئے بات ٹال دی کہ گریجویشن مکمل ہونے کے بعد اس بارے میں سوچا جائے گا لڑکی کا الزام ہے کہ گھر والے مسلسل اس پر رشتہ دار سے شادی کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔ انکار کرنے پر اسے ڈرایا دھمکایا گیا اور جسمانی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
آفرین نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا”میں اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر آئی ہوں اور سید اذان علی سے شادی کی ہے۔ اس شادی میں کسی قسم کی زبردستی نہیں ہوئی۔”بعد ازاں یہ جوڑا کنچن باغ پولیس اسٹیشن پہنچا جہاں لڑکی نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا اس کے بعد ایک رشتہ دار کے گھر دونوں کا نکاح انجام پایا۔
آفرین نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں انہیں یا ان کے شوہر کو کوئی نقصان پہنچتا ہے تو اس کی ذمہ داری ان کے خاندان پر عائد ہوگی۔آفرین اور اذان کی ملاقات تقریباً پانچ ماہ قبل سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی۔ اذان علی نے کہا کہ کئی لوگوں نے آفرین کے مسائل کی وجہ سے اس سے شادی نہ کرنے کا مشورہ دیا لیکن اسے آفرین پر مکمل بھروسہ ہے۔
دوسری جانب کنچن باغ پولیس نے بتایا کہ یہ جوڑا اپنی مرضی سے شادی کرنے کے سلسلے میں پولیس سے تعاون حاصل کرنے آیا تھا تاہم انہوں نے کسی قسم کی دھمکیوں کا ذکر نہیں کیا۔پولیس کے مطابق اس معاملے میں تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔



