ہندوستان کی پہلی ہائیڈروجن ٹرین کا ٹرائل دسمبر میں ہوگا

دنیا کا سب سے بڑا ریل نیٹ ورک رکھنے والے بھارتی ریلوے مستقبل میں ‘ہائیڈروجن’ سے چلنے والی ٹرینیں متعارف کرنے کے لئے تیار ہو رہا ہے۔ بھارتی ریلوے اپنی پہلی ہائیڈروجن ٹرین کے پائلٹ پروجیکٹ کو جلد ہی شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس پائلٹ پروجیکٹ کے ٹرائل رن دسمبر میں کیے جانے کا امکان ہے۔
ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹرین کے لئے فی گھنٹہ 40 ہزار لیٹر پانی کی ضرورت ہوگی، جس کی ذخیرہ اندوزی کے لئے ٹرین میں خاص انتظامات کیے جائیں گے۔ بھارتی ریلوے کا منصوبہ ہے کہ ملک بھر میں کل 35 ہائیڈروجن ٹرینیں متعارف کی جائیں، جس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ ایندھن کی بچت بھی ہوگی۔
بھارتی ریلوے نے ان ہائیڈروجن ٹرینوں کے لئے درکار ہائیڈروجن فیول سیلز اور دیگر ضروری سہولتوں کے انتظامات پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ بھارتی ریلوے کے ترجمان دلیپ کمار نے بتایا کہ ایک ٹرین پر تقریبا 80 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
یہ قدم بھارتی ریلوے کی جانب سے ایک ماحول دوست اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی طرف اہم پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف ایندھن کے اخراجات میں کمی ہوگی بلکہ ماحولیاتی مسائل کو بھی حل کیا جا سکے گا۔