عادل آباد دنیا کے سب سے زیادہ گرم شہروں میں شامل۔ امریکی ادارہ کی رپورٹ

حیدرآباد: موسم گرما کی شدت ان دنوں عروج پر ہے۔ سورج کی تپش سے لوگ بے حال ہو رہے ہیں۔ تلنگانہ میں گرمی کی شدت مزید زیادہ ہے۔ ضلع عادل آباد دنیا کے سب سے زیادہ گرم شہروں میں سے ایک کے طور پر سامنے آیا ہے۔
امریکہ کی معروف موسمیاتی ادارہ "ایلڈو راڈو ویدر” نے حال ہی میں دنیا کے 100 سب سے زیادہ گرم شہروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں عادل آباد 14ویں مقام پر ہے۔پیر کے دن متحدہ عادل آباد ضلع کے منچریال میں 43.4 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
ایلڈوراڈو ویدر کی فہرست میں مہاراشٹر کے اکولا نے 45 ڈگری کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ ریاست کے دیگر علاقوں میں کتہ گوڑم اور گدوال میں 43.3، نرمل اور نظام آباد میں 43.0 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
ماہرین موسمیات کے مطابق عادل آباد میں اس قدر شدید گرمی کی وجہ جغرافیائی حالات کے ساتھ ساتھ جنگلات کے رقبے میں کمی بھی ہے۔ مہاراشٹر کے ودربھ علاقے کی سرحد پر ہونے کی وجہ سے وسطی بھارت سے آنے والی
خشک اور گرم ہوائیں یہاں درجہ حرارت کو اچانک بڑھا دیتی ہیں۔ اس کے علاوہ 2021 میں تلنگانہ کا جنگلاتی رقبہ 18,561 مربع کلومیٹر تھا جو 2023 تک کم ہو کر 18,456 مربع کلومیٹر رہ گیا ہے۔ خاص طور پر عادل آباد، کتہ گوڑم اور آصف آباد اضلاع
میں سرسبزی و شادابی کم ہونے کی وجہ سے قدرتی ٹھنڈک میں کمی آئی ہے اور ہیٹ ویوز کی شدت بڑھ رہی ہے۔ریاستی دارالحکومت حیدرآباد کے کئی علاقے بھی عالمی گرمی کی فہرست میں شامل ہو رہے ہیں۔
موسی ندی کے کنارے واقع ہونے تیزی سے بڑھتی ہوئی شہری آبادی اور زیر زمین پانی کی سطح گرنے کی وجہ سے یہاں گرمی زیادہ محسوس ہو رہی ہے۔ شہر کے نیو ناگول میں 41.7 ڈگری سیلسیس، مشیر آباد میں 41.6، عنبر پیٹ
میں 41.4، ملکاجگیری اور ایل بی نگر میں 41.3 جبکہ مہدی پٹنم میں 41.1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔




