بی یو ایم ایس سمیت آیوش کورسس میں داخلوں کے لئے رجسٹریشن دوبارہ شروع، 14 اکتوبر آخری تاریخ

حیدراباد: تلنگانہ کی کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنسس ورنگل نے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے آیوش کورسز بی اے ایم ایس، بی ایچ ایم ایس، بی یو ایم ایس اور بی این وائی ایس میں داخلوں کے لیے آن لائن رجسٹریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امیدواروں اور گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج حیدرآباد کے پرنسپل کی درخواستوں کے پیش نظر یونیورسٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے
۔ این ای ای ٹی یو جی 2026 میں مقررہ کٹ آف نشانات حاصل کرنے والے اہل امیدوار 12 اکتوبر کو شام 4 بجے سے 14 اکتوبر کو دوپہر 2 بجے تک یونیورسٹی کی ویب سائٹ [https://tsbahnu.tsche.in](https://tsbahnu.tsche.in) پر آن لائن رجسٹریشن مکمل کرنے کے ساتھ ضروری اصل اسناد کی اسکین شدہ نقولات اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔
یونیورسٹی کے مطابق سابقہ اعلامیوں اور پراسپیکٹس میں درج دیگر شرائط برقرار رہیں گی۔
دوسری جانب آل انڈیا یونانی طبی کانگریس تلنگانہ اسٹیٹ کے صدر ڈاکٹر اے اے خان اور ریاستی جنرل سکریٹری ایچ کے حسام الدین طلعت نے وائس چانسلر کے این آر یونیورسٹی آف ہیلت ساینسس ورنگل کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج چارمینار حیدرآباد میں بی یو ایم ایس کورس میں داخلوں کے لیے رجسٹریشن کی تاریخ میں 10 دن کی توسیع دینے کی اپیل کی تھی ۔
مکتوب میں کہا گیا کہ بعض ناگزیر وجوہات کے باعث این ای ای ٹی میں کامیاب کئی اہل امیدوار رجسٹریشن نہیں کروا سکے، کیونکہ گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج کو داخلوں کی اجازت رجسٹریشن کی آخری تاریخ گزرنے کے بعد دی گئی تھی۔




