پولیس نوٹس کے باوجود بنڈی بھگیرتھ تحقیقات میں غیر حاضر – کل ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست پر سماعت

حیدراباد ـ مرکزی وزیر بنڈی سنجے کے بیٹے بنڈی بھگیرتھ پولیس کی تفتیش میں پیش نہیں ہوئے ہیں۔ حیدرآباد کی پیت بشیرآباد پولیس اسٹیشن میں ان کے خلاف پوکسو کیس درج کیا گیا ہے اور اس کیس کی تحقیقات خصوصی تحقیقاتی ٹیم کر رہی ہے۔
پولیس نے بھگیرتھ کو تفتیش کے لئے طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا تھا جس میں انہیں آج دوپہر 2 بجے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی تھی تاہم مقررہ وقت گزرنے کے باوجود وہ پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
پولیس نے اس کیس میں ایف آئی آر کے مختلف دفعات میں اضافہ بھی کیا ہے جن میں BNS 74 اور 75 کے ساتھ ساتھ سیکشن 5(i) ریڈ ود 6 شامل کیا گیا ہے۔ متاثرہ لڑکی کا دوسری مرتبہ بیان بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تحقیقات میں مزید سنگین الزامات شامل کیے گئے ہیں جن میں منصوبہ بندی کے تحت جنسی زیادتی کے الزامات بھی شامل ہیں، جس کے بعد سیکشن 5(i) کو بھی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بنڈی بھگیرتھ نے ضمانت قبل از کے لئے تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے، جس پر کل (جمعرات) ہائی کورٹ کی ویکیشن بنچ سماعت کرے گی۔



