45 سال بعد کورٹلہ کے امتحانی مرکز میں دیوجی — سابق ماؤسٹ لیڈر نے دوبارہ انٹر کا پرچہ دے دیا

کورٹلہ – تقریباً چار دہائیوں تک انقلابی تحریک اور ماؤسٹ پارٹی میں اہم عہدوں پر فائز رہنے والے سابق مرکزی کمیٹی سیکریٹری تِپّری تروپتی عرف دیو جی نے چہارشنبہ کو انٹرمیڈیٹ سال دون کا تلگو پرچہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق تلنگانہ کے کورٹلہ ٹاون سے تعلق رکھنے والے دیو جی نے، جو بعد میں انقلابی سرگرمیوں سے دستبردار ہو کر عام زندگی میں واپس آئے، 1983-85 کے دوران گورنمنٹ جونیئر کالج کورٹلہ میں انٹرمیڈیٹ کی تعلیم حاصل کی تھی۔ اسی دوران وہ انقلابی نظریات سے متاثر ہو کر ریڈیکل اسٹوڈنٹ یونین کے آرگنائزر کے طور پر سرگرم رہے۔
اسی عرصہ میں پیش آنے والے بعض واقعات کے باعث انہوں نے انٹرمیڈیٹ دوسرے سال کا تلگو پرچہ نہیں دیا تھا، جس کی وجہ سے ان کا یہ امتحان ادھورا رہ گیا تھا۔ اگرچہ وہ دیگر تمام مضامین میں کامیاب ہو گئے تھے، تاہم تلگو سیکنڈ ایئر کا پرچہ باقی رہ گیا تھا۔
بعد ازاں ماؤسٹ تحریک سے علیحدگی اختیار کر کے عام زندگی میں واپسی کے بعد دیو جی نے اپنی ادھوری تعلیم مکمل کرنے کا فیصلہ کیا اور انٹر بورڈ سے خصوصی اجازت حاصل کی۔
اس سلسلے میں انہوں نے آج دوپہر کرٹلہ کے ایک خانگی جونیئر کالج میں طلبہ کے ساتھ بیٹھ کر انٹر ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحان دیا۔ تقریباً 45 سال بعد وہ امتحانی ہال میں داخل ہوئے۔




