تلنگانہ میں آئندہ تین دن بارش کا امکان، 29 نومبر سے سردی کی شدت میں اضافہ

خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث تلنگانہ میں آئندہ چند روز کے دوران بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 25سے 27 نومبر تک ریاست کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے
۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ25 نومبر کو کھمم، بھدرادری کتہ گوڑم، سوریہ پیٹ، ونپرتی، ناگرکرنول اور جوگولامبا گدوال اضلاع میں بارش کا امکان ہے، جبکہ 25 سے 27 نومبر تک حیدرآباد سمیت ریاست کے دیگر علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے
۔حکام نے خبردار کیا کہ صبح کے ابتدائی اوقات میں گہری دھند چھانے سے سڑکوں پر حدِ نگاہ متاثر ہوسکتی ہے، لہٰذا صبح سویرے سفر کرنے والے گاڑیوں کے ڈرائیورس اور مسافر احتیاط برتیں۔ محکمہ موسمیات نے مزید پیش قیاسی کی ہے کہ 29 نومبر سے ریاست میں سردی کی شدت بتدریج بڑھنے کا امکان ہے۔
رات اور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت میں کمی کے پیش نظر بزرگوں اور بچوں کو خصوصی احتیاط کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔




