تلنگانہ
بھوبھارتی پورٹل بند، تلنگانہ بھر میں زمین رجسٹریشن نظام مفلوج—عوام پریشان

تلنگانہ بھر میں زمینوں کی خرید و فروخت سے متعلق رجسٹریشن اور میوٹیشن کے عمل کو اچانک جھٹکا لگا ہے، جس کی وجہ نئے متعارف کردہ ‘بھوبھارتی’ پورٹل کا تکنیکی خرابی کے باعث بند ہو جانا بتایا جا رہا ہے
۔منگل کی صبح سے ہی پورٹل کام نہ کرنے کے باعث ریاست بھر میں سینکڑوں رجسٹریشن رک گئی ہیں۔ سرور ڈاؤن ہونے سے سب رجسٹرار دفاتر کے باہر عوام کی لمبی قطاریں دیکھی جا رہی ہیں، جبکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے خریدار اور فروخت کنندگان شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
خاص طور پر میوٹیشن، سلاٹ بکنگ اور ای سی ڈاؤن لوڈ جیسی خدمات مکمل طور پر ٹھپ ہو گئی ہیں، جس پر عوام نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حکام کے مطابق تکنیکی خرابی کے سبب صبح سے ایک بھی رجسٹریشن مکمل نہیں ہو سکی، جبکہ زمینوں کی منتقلی کا عمل بھی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔



