تلنگانہ

مچھیروں کو بچانے کی کوشش کھمم ضلع میں ایس ڈی آر ایف اور فائر سروس کے 11 ملازمین لاپتہ

کھمم: ماہی گیروں کو بچانے کی کوشش کے دوران اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور فائر سروسیس کے 11 اہلکار لاپتہ ہوگئے۔ یہ واقعہ کھمم ضلع کے ستوپلی منڈل کے بیتوپلی علاقے میں پیش آیا۔

 

مقامی افراد کے مطابق شدید بارش کے باعث بیتوپلی کے بڑے تالاب میں پانی کی سطح بڑھ گئی اور پانی اوپر سے بہنے لگا۔ مچھلیوں کو پانی کے بہاؤ کے ساتھ باہر جانے سے روکنے کے لیے جال لگانے کی غرض سے پانچ ماہی گیر تالاب میں گئے تاہم وہ سیلاب کے پانی میں پھنس گئے۔

 

انہیں بچانے کے لیے ابتدائی طور پر فائر سروسیس کے تین اہلکار کشتی کے ذریعے روانہ ہوئے لیکن کشتی میں خرابی پیدا ہوگئی اور وہ بھی پھنس گئے۔ اس کے بعد کتہ گوڑم سے ایس آر ایف کے چھ اہلکار، فائر سروسیس کے مزید چار اہلکار اور دو گائیڈس دو کشتیوں میں سوار ہوکر امدادی کارروائی کے لیے روانہ ہوئے۔

 

امدادی ٹیم نے پہلے کشتی میں پھنسے تین فائر اہلکاروں کو بحفاظت واپس پہنچایا۔ بعد ازاں ماہی گیروں کو بچانے کے لیے آگے بڑھنے کے دوران دونوں کشتیاں الٹ گئیں جس کے نتیجے میں ان میں سوار 11 افراد لاپتہ ہوگئے۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی رکن اسمبلی اور ضلع کلکٹرس موقع پر پہنچ گئے اور عہدیداروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں کی نگرانی شروع کردی۔ بھدراچلم سے این ڈی آر ایف کی ٹیم کو بھی طلب کیا گیا ہے جو کشتیوں کی مدد سے پھنسے ہوئے افراد کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

 

حکام ڈرون کے ذریعے لائف جیکٹس پہنچانے کے انتظامات بھی کر رہے ہیں۔دوسری جانب تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے بیتوپلی تالاب میں ایس ڈی آر ایف کی کشتیوں کے الٹنے کے واقعے کی تفصیلات حاصل کیں۔

 

انہوں نے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی کہ ایس آر ایف اور فائر سروسیس کے اہلکاروں کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری سنجے جاجو کو بھی ہدایت دی کہ وہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیں۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button