تلنگانہ کے بانسواڑہ میں دیسی بموں کا دھماکہ، 7 افراد زخمی، دو بچوں کی حالت تشویشناک
تلنگانہ کے بانسواڑہ ٹاون میں اتوار کو دیسی ساختہ بموں کے دھماکے سے شدید سنسنی پھیل گئی۔ اس حادثے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، جن میں دو کمسن بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ یہ واقعہ بانسواڑہ کے ایرا منّو کچّا علاقے میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق داسری لکشمیّا (50) اپنے گھر کے قریب موپیڈ گاڑی پر جنگلی سوروں کے شکار کے لئے دیسی ساختہ بم رکھے تھے۔ اسی دوران ایک بم کو زمین پر پٹخنے کی کوشش کی گئی، جس سے وہ دھماکے سے پھٹ گیا۔ اس کے نتیجہ میں قریب رکھے دیگر بم بھی یکے بعد دیگرے پھٹ گئے۔ دھماکے کی شدت سے لکشمیّا سمیت وہاں موجود دیگر چھ افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں راجو (30)، رمیش (32)، داسری ویشالی (11)، انجلی (5)، کرشنا (22) اور دیگر شامل ہیں۔ شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لئے نظام آباد کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں راجو کی بیٹیاں شری دیوی اور انجلی بھی شامل ہیں۔ دو کمسن بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
اطلاع ملتے ہی بانسواڑہ کے ڈی ایس پی بسّی ریڈی وٹھل ریڈی، سی آئی تلا شری دھر اور دیگر پولیس عہدیداروں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ ناتو بم کہاں تیار کئے گئے اور انہیں کس مقصد کے لئے ذخیرہ کیا گیا تھا۔ بم اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کئے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ بانسواڑہ اور اطراف کے دیہات میں جنگلی سوروں اور دیگر جانوروں کے شکار کے لئے دیسی ساختہ بموں کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔ واقعے کے بعد مقامی افراد میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔



