حج پر روانہ ہونے والا جوڑا بس میں بھول گیا تھا 3 لاکھ روپے، حیدرآباد کی خاتون بس کنڈکٹر نے رقم واپس کردی

حیدرآباد: حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک آر ٹی سی خاتون کنڈکٹر نے ایمانداری کی بہترین مثال قائم کی ہے۔ حج کے لیے روانہ ہونے والا ایک جوڑا افضل گنج میں بس سے اترتے وقت غلطی سے اپنی رقم سے بھرا بیاگ بس میں ہی بھول گیا تاہم بس کی کنڈکٹر نے بیاگ دیکھ لیا اور اسے بحفاظت متعلقہ افراد کے حوالے کر دیا۔
ہفتہ کے روز افضل گنج کے قریب بس میں پیش آنے والا یہ واقعہ اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور خاتون کنڈکٹر کی ستائش کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاد نگر سے تعلق رکھنے والے تاجر جہانگیر اور ان کی اہلیہ حیدرآباد سٹی بس میں سوار ہوئے۔ افضل گنج میں اترنے کے بعد وہ نامپلی کی جانب روانہ ہوگئے۔
اسی دوران جلد بازی میں وہ 3 لاکھ روپے نقد رقم والا بیاگ بس میں ہی بھول گئے کچھ دیر بعد جب انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوا تو دونوں پریشانی کے عالم میں واپس بس اسٹینڈ پہنچے اسی دوران بس کنڈکٹر سریتانے بس میں پڑا ہوا لاوارث بیاگ دیکھا۔ انہوں نے فوری طور پر ڈرائیور نرسمہلو کو اس کی اطلاع دی اور رقم کو محفوظ رکھا
اتنے میں جہانگیر اور ان کی اہلیہ بھی بس اسٹینڈ پہنچ گئے اس کے بعد کنڈکٹر سریتا اور ڈرائیور نرسمہلو نے 3 لاکھ روپے نقد پر مشتمل بیاگ ان کے حوالہ کردیا۔اپنی رقم واپس ملنے پر جہانگیر اور ان کی اہلیہ کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔
خاتون کنڈکٹر سریتا کی ایمانداری کی ہر طرف تعریف کی جا رہی ہے۔



