جرائم و حادثات

برہان الدین کا قتل، نعش پیٹی میں چھپائی – بدبو نے ہولناک راز کھول دیا ، بیوی اور بیٹوں پر شبہ ؛ تلنگانہ کے امرآباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ

حیدراباد:  تلنگانہ کے ناگرکرنول ضلع کے امرآباد میں ایک شخص کو قتل کرنے کے بعد لاش کو کور میں لپیٹ کر گھر کے اندر ایک پیٹی میں چھپانے کا ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہ واقعہ تاخیر سے منظر عام پر آنے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔

 

ایس آئی ہنمنت ریڈی کے مطابق امرآباد کے رہنے والے ایم ڈی برہان الدین (50) مقامی طور پر موبائل فون کی مرمت کی دکان چلاتے تھے اور تعمیراتی کاموں میں مستری کے طور پر بھی کام کرتے تھے۔

 

تقریباً 25 سال قبل ان کی شادی رنگاریڈی ضلع کے یچارم منڈل کے کوٹھاپلی گاؤں کی رہنے والی صفیہ سے ہوئی تھی۔ ان کے دو بیٹے الیاس اور قدیر ہیں۔

 

برہان الدین کی بہن جہانگیر بی نے گزشتہ دو دنوں سے برہان الدین، ان کی اہلیہ اور بچوں کو کئی مرتبہ فون کیا، تاہم کسی نے فون نہیں اٹھایا۔ تشویش کے باعث جہانگیر بی کا بیٹا ظہیر پیر کے روز امرآباد میں ان کے گھر پہنچا، جہاں مکان پر تالا لگا ہوا تھا۔

 

گھر سے بدبو آنے پر ظہیر نے تالا توڑ کر اندر داخل ہوکر تلاشی لی۔ بیڈ روم میں پلنگ کے نیچے رکھی ایک پیٹی سے کور میں لپٹی ہوئی برہان الدین کی لاش برآمد ہوئی۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس نے ڈاگ اسکواڈ اور کلوز ٹیم کو طلب کیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے۔ ظہیر نے پولیس کو بتایا کہ ماضی میں بھی خاندان کے افراد نے برہان الدین پر کئی مرتبہ حملہ کیا تھا۔

 

ظہیر کی شکایت پر پولیس نے مقتول کی اہلیہ اور دونوں بیٹوں پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button