تلنگانہ

آنگن واڑی سنٹر میں امرین کو لگ گئی نیند -آیا تالا لگا کر چلی گئی ؛3 سالہ بچی 4 گھنٹے تک کمرے میں بند

کریم نگر – تلنگانہ کے کریم نگر ضلع کے گنگادھر منڈل کے اسلام پور گاؤں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں آنگن واڑی سنٹر کے کمرے میں تین سالہ بچی کو سویا ہوا چھوڑ کر آیا نے باہر سے تالا لگا دیا اور چلی گئی۔ بچی تقریباً چار گھنٹے تک کمرے میں بند رہی۔

 

تفصیلات کے مطابق آنگن واڑی ٹیچر گزشتہ چند دنوں سے چھٹی پر ہیں، جس کے باعث منگاپیٹ کی ٹیچر منجولا کو اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ گاؤں کی رہنے والی تین سالہ بچی امرین منگل کو دیگر بچوں کے ساتھ آنگن واڑی سنٹر گئی تھی۔ شام 4 بجے بچوں کو گھروں کے لئے روانہ کردیا گیا، تاہم امرین مرکز کے ایک کمرے میں سو رہی تھی۔

 

آیا لچھماں نے بچی کے کمرے میں موجود ہونے سے بے خبر ہوکر آنگن واڑی سنٹر کو تالا لگایا اور چلی گئی۔ ادھر بچی کے والدین نے گھر نہ پہنچنے پر اس کی تلاش شروع کی، لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔

 

کچھ دیر بعد نیند سے بیدار ہونے پر امریں نے کمرے کا دروازہ پیٹتے ہوئے رونا شروع کردیا۔ مقامی افراد نے آواز سن کر معاملہ کی اطلاع اس کے والدین کو دی۔ والدین رات تقریباً 8 بجے سنٹر پہنچے اور تالا کھول کر بچی کو باہر نکالا۔ اس طرح بچی تقریباً چار گھنٹے تک آنگن واڑی سنٹر کے کمرے میں بند رہی۔

 

واقعہ کی اطلاع ملنے پر آئی سی ڈی ایس سی ڈی پی او نرسنگ رانی نے چہارشنبہ کے روز آنگن واڑی سنٹر کا دورہ کیا اور واقعہ کی تحقیقات کیں۔ انہوں نے بتایا کہ آیا لچھماں، انچارج ٹیچر منجولا اور سپروائزر سنتوشی کو میمو جاری کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button