’یس اور نو‘ کہا تو بھی آپ کے بینک اکاؤنٹ سے رقم غائب ہو سکتی ہے:کمشنر پولیس حیدرآباد

حیدرآباد: حیدرآباد کے پولیس کمشنر وی سی سجنار نے سائبر دھوکہ دہی کے تعلق سے اہم انتباہ جاری کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بعض حالات میں صرف ایک بار ’نو (NO)‘ کا جواب دینے سے بھی بینک اکاؤنٹ خالی ہونے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ سائبر مجرم دھوکہ دہی کے نئے طریقے اپنا رہے ہیں جن میں نہ تو او ٹی پی بتانے کی ضرورت پڑتی ہے اور نہ ہی کسی لنک پر کلک کرنے کی ضرورت ہے صرف واٹس ایپ پیغامات اور آٹو ایگزیکیوشن فائل اٹیک کے ذریعے ہی دھوکہ باز چند لمحوں میں لوگوں کی رقم چوری کر سکتے ہیں۔
کمشنر پولیس نے مزید کہا کہ سائبر مجرم نامعلوم نمبرات سے فرضی پیغامات بھیجتے ہیں جن میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ آپ کے بینک اکاؤنٹ سے رقم کٹ گئی ہے۔ پھر وہ پوچھتے ہیں کہ اگر آپ نے یہ لین دین نہیں کیا تو ’نو (NO)‘ لکھ کر جواب دیں جیسے ہی کوئی شخص اس پیغام کا جواب دیتا ہے نقصان دہ سافٹ ویئر اسکرپٹس فعال ہو سکتی ہیں جس کے نتیجے میں موبائل فون ہیکرزسکے کنٹرول میں جانے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
سجنار نے بتایا کہ حال ہی میں ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے بینک اکاؤنٹ سے ایک لاکھ روپے غائب ہو گئے۔ اسی لیے انہوں نے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی۔انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ نامعلوم نمبرات سے آنے والے بینک لین دین سے متعلق پیغامات پر ’یس (YES)‘ یا ’نو (NO)‘ میں کوئی جواب نہ دیں۔اگر آپ کو رقم کٹنے کا پیغام موصول ہو تو اپنے بینک کی آفیشل ایپ کھول کر اکاؤنٹ اسٹیٹمنٹ چیک کریں۔
اگر کوئی شبہ ہو تو بینک کے آفیشل کسٹمر کیئر سے رابطہ کریں۔ اگر سائبر فراڈ کے نتیجے میں رقم ضائع ہو جائے تو فوری طور پر 1930 پر کال کریں۔ آپ سائبر کرائم کی سرکاری ویب سائٹ
cybercrime.gov.in
پر بھی شکایت درج کر سکتے ہیں۔



