تلنگانہ
دہلی۔چنئی انڈیگو طیارے میں لگی آگ۔ حیدرآباد ایرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

نئی دہلی: دہلی سے چنئی جانے والی انڈیگو ایئرلائن کی پرواز میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد طیارے کی شمس آباد ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کروائی گئی۔
طیارے میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک مسافر کے پاور بینک سے آگ لگنے کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔ایئرپورٹ کے عملے نے فوری طور پر مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا جس کے بعد مسافروں نے راحت کی سانس لی۔
مسافروں نے تشویش ظاہر کی کہ اگر پائلٹ بروقت صورتحال کو بھانپتے ہوئے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ نہ کراتے تو کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔اس واقعے کی ایئرپورٹ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پاور بینک ساتھ لے کر سفر کرنے والے مسافر کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔



