تلنگانہ میں چاول کی قیمتوں پر حکومت کا اہم فیصلہ،خلاف ورزی پر ہوگی کاروائی

حیدرآباد: تلنگانہ میں گزشتہ چند دنوں سے چاول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر حکومت نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ محکمہ سیول سپلائز نے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ میں چاول کی قلت سے متعلق چل رہی خبروں کی تردید کی ہے۔
محکمے نے واضح کیا ہے کہ ریاست میں چاول کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور قلت سے متعلق خبریں محض غلط پروپیگنڈہ ہیں۔حکومت کا کہنا ہے کہ بعض تاجر مصنوعی قلت پیدا کرکے زیادہ قیمتوں پر چاول فروخت کر رہے ہیں اور عوام کو لوٹ رہے ہیں۔
ایسے تاجروں کو روکنے کے لیے سیول سپلائز کے محکمے نے چاول کی مختلف اقسام کے لحاظ سے زیادہ سے زیادہ خوردہ فروخت کی قیمت مقرر کرتے ہوئے اہم اعلان جاری کیا ہے۔چاول کی اقسام کے لحاظ سے مقررہ قیمتیں
چاول کی قسم
فی کلو زیادہ سے زیادہ قیمت
BPT، KNM
₹66
RNR، تلنگانہ سونا
₹74
HMT، JSR
₹79
چیف راشننگ آفیسر جی وی شیام پرساد لال نے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ زیادہ سے زیادہ قیمتوں سے زائد پر چاول فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی تاجر حکومت کے احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے مقررہ حد سے زیادہ قیمت پر چاول فروخت کرتا ہے تو اس کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کے ساتھ سخت کارروائی بھی کی جائے گی۔
تاجروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام قواعد و ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے چاول فروخت کریں۔محکمے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر بازار میں کہیں بھی مقررہ قیمتوں سے زیادہ پر چاول فروخت ہوتے ہوئے نظر آئیں تو فوری طور پر اس کی اطلاع سیول سپلائز محکمہ کو اطلاع دیں۔
حکام نے مزید بتایا کہ ضروری اشیاء کی بلیک مارکیٹنگ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔



