تلنگانہ

انٹرمیڈیٹ کے برابر ڈپلوما – ڈی ای ای کورس میں داخلہ دیا جائے – ہائی کورٹ کا حکم

حیدرآباد، : ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ ڈپلوما کورس، انٹرمیڈیٹ کے برابر ہے۔ عدالت نے بتایا کہ نہ صرف ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ بلکہ حکومت نے بھی اس بات کے متعلق احکامات جاری کیے ہیں۔ اس کے باوجود، "ڈی ای ای” (ڈپلوما ان ایلیمنٹری ایجوکیشن، ڈپلوما ان پری اسکول ایجوکیشن) کورسز میں داخلے سے انکار کو عدالت نے غلط قرار دیا۔

 

یہ معاملہ اُس وقت سامنے آیا جب ضلع منچریال سے تعلق رکھنے والے کمپل ہریش نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ انہوں نے الیکٹریکل، الیکٹرانکس انجینئرنگ میں ڈپلوما مکمل کیا تھا لیکن "ڈی ای ای” کورس کے کاؤنسلنگ میں انٹرمیڈیٹ اہلیت نہ ہونے کی بنیاد پر داخلہ دینے سے انکار کر دیا گیا تھا۔

 

اس پر جسٹس کے. لکشمن نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل پانو گنٹی وجے کمار نے بتایا کہ حکومت نے 2001 میں جی او نمبر 112 جاری کرتے ہوئے ڈپلوما کورس کو انٹرمیڈیٹ کے مساوی قرار دیا تھا۔ درخواست گزار نے ڈی ای ای کورس کے انٹرنس امتحان میں رینک حاصل کیا تھا، لیکن سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے وقت یہ کہہ کر مسترد کر دیا گیا کہ اس کے پاس انٹرمیڈیٹ نہیں ہے۔

 

حکومتی وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اگر درخواست گزار "ڈی ای ای” کورس مکمل کرتا ہے اور پھر سیکنڈری گریڈ ٹیچر کی ملازمت کے لیے منتخب ہوتا ہے تو اُسے اردو و انگلش جیسے مضامین کی بھی ضرورت پڑے گی، جبکہ ڈپلوما کورس میں یہ مضامین شامل نہیں ہیں، اس لیے اسے نااہل قرار دیا گیا۔

 

دونوں فریقوں کی دلیلیں سننے کے بعد عدالت نے کہا کہ جب ٹیکنیکل بورڈ نے جاری کردہ ڈپلوما کورس کو انٹرمیڈیٹ کے مساوی تسلیم کیا ہے تو صرف انٹر کی کمی کی بنیاد پر داخلے سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے کنوینر کو ہدایت دی کہ اگر درخواست گزار نے انٹرنس امتحان میں اہلیت حاصل کی ہے تو اُسے داخلہ دیا جائے، اور اس کے ساتھ ہی درخواست کی سماعت ختم کر دی گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button