ملعون نرسنگھانند کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ ۔ کھمم جمیعت العلماء کی کمشنر پولیس کو یادداشت

کھمم۔ جمعیت العلماء ضلع کھمم کی جانب سے کمشنر پولیس سنیل دت سے ملاقات کرتے ہوئے گستاخ رسول، ملعون نرسنگھا نند کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ مولانا محمد سعید احمد قاسمی کی صدارت میں ایک وفد نے کمشنر پولیس کو ایک یادداشت پیش کی جس میں مسلمانوں کے جذبات کی عکاسی کی گئی۔ یادداشت میں واضح طور پر کہا گیا کہ مسلمان ہر قسم کی مشکلات اور مصائب کو برداشت کر سکتے ہیں لیکن حضور اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مولانا محمد سعید احمد قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی ذات مبارک پورے عالم کے لیے رحمت ہے اور آپ صلعم کی تعلیمات میں ہمیشہ امن، سلامتی، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نرسنگھا نند کی اشتعال انگیزی نہ صرف مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتی ہے بلکہ ملک کے پرامن ماحول کو بھی خراب کرنے کی کوشش ہے۔
مولانا نے کہا کہ ایسے بیانات سے ملک میں نفرت اور انتشار کو فروغ ملتا ہے اور امن و امان کے لیے خطرہ بن جاتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کمشنر پولیس سے مطالبہ کیا کہ نرسنگھا نند کے خلاف سخت دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں اور اسے سزا دلوائی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کے گستاخانہ بیانات دینے کی جرات نہ کرے۔
اس موقع پر جمعیت العلماء کے دیگر اراکین بھی موجود تھے، جن میں مولانا عبد الستار قاسمی، مولانا عبد الغنی رشادی، مفتی عبد الخالق قاسمی، اور دیگر علماء شامل تھے۔ انہوں نے بھی حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں اور ایسی گستاخیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
آخر میں جمعیت العلماء نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت اور پولیس فورس اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری اور مؤثر کارروائی کریں گے تاکہ ملک میں امن اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھا جا سکے۔