جرائم و حادثات

خاتون کا عصمت ریزی کے بعد قتل نعش کو آگ لگادی گئی ۔ تلنگانہ کے ناگرکرنول ضلع میں سنسنی خیز واردات

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ ناگرکرنول ضلع کے ویلدنڈا منڈل میں کوٹرا گاؤں کے قریب ایک 24 سالہ شادی شدہ خاتون کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔یہ واقعہ اگست کے دوسرے ہفتہ میں پیش آیا تھا۔

 

ایک شخص نے خاتون کے ساتھ زیادتی کی اور پھر ایک اور شخص کے ساتھ مل کر اسے قتل کرنے کے بعد نعش کو آگ لگا دی۔ اس لرزہ خیز واردات کے بعد دونوں ملزمین نے پولیس کے سامنے خود سپردگی اختیار کی۔

 

ویلدنڈا منڈل کے ایک گاؤں کی رہنے والی 24 سالہ خاتون کی چھ سال قبل اسی گاؤں کے ایک شخص کے ساتھ محبت کی شادی ہوئی تھی اور ان کا پانچ سال کا ایک بیٹا ہے۔ خاتون کلواکرتی کی ایک دکان پر کام کرتی تھی۔

 

چہارشنبہ کی شام جب وہ اپنے آبائی گاؤں جانے کے لیے روانہ ہوئی تو اس نے اپنے ہی گاؤں کے ایک شناسا شخص رامولو کی موٹر سائیکل پر لفٹ لی۔

 

رامولو اسے حیدرآباد۔سری سیلم مین روڈ کے قریب کھیتوں میں لے گیا اور وہاں اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی اس کے بعد اس نے پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت اپنے ہی گاؤں کے ایک اور شخص سرینو کو وہاں بلا لیا۔

 

سرینو نے خاتون کو پکڑا جبکہ رامولو نے اس کے اسکارف (چنی) سے گلا گھونٹ کر اسے ہلاک کر دیا۔ دونوں نے مل کر کوٹرا گاؤں کے قریب دو چٹانوں کے درمیان لکڑیوں پر نعش رکھی اور ڈیزل چھڑک کر اسے آگ لگا دی

 

اس کے بعد وہ سیدھے پولیس اسٹیشن گئے اور اپنے آپ کو پولیس کے حوالہ کردیا۔دوسری طرف خاتون کے شوہر نے پولیس میں بیوی کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی جس پر گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

 

ملزمین کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی جہاں نعش جل کر راکھ ہو چکی تھی۔جمعرات کے روز کلو ٹیم اور فارنسک ماہرین نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے شواہد اکٹھے کیے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button