جنرل نیوز

معمولی باتوں پر ایک دوسرے کا قتل، نوجوان نسل نشے کی لت میں دھت۔ایم این بیگ ذاہد رکن مجلس شوریٰ جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ کا خطاب

نرمل17/نومبر/موجودہ مسلم معاشرے میں نوجوانوں میں بے راہ روی اور سماجی برائیوں کا ایک سیلاب امڈ رہا ہے۔ معمولی باتوں پر ایک دوسرے کا قتل کیا جارہا ہے۔ اور نوجوان نسل نشے کی لت میں لت پت ہوتی جارہی ہے۔

 

ان خیالات کا اظہار ایم این بیگ ذاہد رکن مجلس شوریٰ جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ نے نرمل میں مرکز اسلامی جماعت اسلامی کے دفتر میں آئی وائی ایم کے تفھیمی اجلاس سے نوجوانوں سے مخاطب کرتے ہوۓ کیا۔ انھوں نے خطاب جاری رکھتے ہوۓ کہا کہ مسلم قوم کے پاس دین اسلام جیسی عظیم نعمت ہونے کے باوجود آج کا مسلم نوجوان اس عظیم نعمت کو چھوڑ رہا ہے۔

 

انھوں نے نوجوانوں سے کہا کہ جماعت اسلامی ایک ایسی تنظیم بنانے جارہی ہے جس میں نوجوانوں کو مثالی نوجوان بنانے کی کوشش کی جاۓ گی۔ علاوہ ازیں احمد عبدالحلیم سکریٹری شعبہ توسیع جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ نے نوجوان ملت کا اثاثہ پر خطاب کرتے ہوۓ نوجوانوں کو متحرک کرنے کے لیئے تحریک اسلامی کے بانی مولانا مودودی کی مثال دیتے ہوۓ کہا کہ ایک نوجوان بائیس سال کی عمر میں الجہاد فی اسلام جیسی عظیم شاہکار کتاب لکھی۔

 

جماعت اسلامی ہند کے پہلے امیر جماعت اسلامی مولانا ابولیث کے متعلق کہا کہ جب آزادی کا مرحلہ تھا ہر طرف لہو نظر آرہا تھا۔ ایسے سخت نا مساعد حالات میں مولانا ابو لیث کے ہاتھوں میں امیر جماعت اسلامی ہند کی ڈور سونپ دی گئی اس وقت ان کی عمر 35 سال تھی۔ یعنی وہ نوجوانی کی ہی عمر میں تھے۔ ایسے حالات میں ملک کے اندر تحریک اسلامی کو لے کر چلنا سخت مرحلہ تھا

 

لیکن مولانا نے اپنی نوجوانی اور صلاحیتوں کو راہ خدا میں لگایا۔ اسی طرح مولانا عبدالعزیز اور مولانا عبدالرزاق لطیفی کی بھی مثالیں دیتے ہوۓ بتایا کہ کیسے ہمارے اسلاف نے اپنی نوجوانی کو راہ خدا میں لگایا تھا۔ آج ضرورت ہے کہ ہم بھی اپنی نوجوانی کی عمر کو اپنی صلاحیتوں کو راہ خدا میں لگائیں تاکہ ہماری آخرت سنور جاۓ۔

 

انھوں کہا کہ آج کے اس دور میں فسطائی طاقتوں کے غلبہ کو لے کر امت کے اندر بے بسی اور بے حسی آگئی ہے۔ جب کہ امت مسلمہ کے لیئے ایسے حالات کا آنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ شرط یہ ہے کہ ایسے حالات میں ہم اللہ کی کتاب اور اسوہ نبی ﷺ کو تھام لیں۔ اور اگر ہم اپنے دل و دماغ سے بے بسی اور بے حسی کو نکال دیں تو مایوسی ہمارے دلوں میں کبھی گھر نہیں بناسکتی۔ بعد از خطاب مولانا احمد عبدالعظیم ناظم ضلع کاما ریڈی نے اختتامی کلمات میں نوجوانوں سے کہا کہ مومنین کے لیئے آزمائشوں کے لمحات اس کے درجات کو بلند کردیتی ہے۔

 

انھوں نے نوجوانوں کو آئیڈیل یوتھ مومنٹ سے وابستہ ہوتے ہوۓ سماج کی از سر نو تشکیل کے لیئے آگے آئیں۔ ورنہ یوں ہی نوجوانی کی زندگی کا قیمتی وقت گزر جاۓ گا۔ اور ایک وقت آۓ گا اس دنیا سے کوچ کر جائیں گے۔ انھوں نے قرآن کا حوالہ دیتے ہوۓ کہا کہ انسان کے بس میں وہی کچھ ہے جس کی وہ کوشش کرتا ہے۔ اگر وہ اللہ کے دین کے کام نہیں کرے گا تو اللہ اس کی جگہ کسی اور قوم کو لاۓ گا۔ لہذا نوجوان اپنی صلاحیتوں اور وقت کو راہ خدا میں لگائیں۔ قبل ازیں غلام درانی امیر مقامی جماعت اسلامی نرمل نے افتتاحی کلمات میں بتایا کہ آئیڈیل یوتھ مومنٹ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

انھوں نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوۓ حضرت علیؓ کی مثال پیش کی کہ کس طرح انھوں نے اپنی نوجوانی کو راہ خدا میں پیش کیا۔ مزید انھوں نے عشرہ مبشرہ کے صحابہ کی بھی مثالیں پیش کی۔ واضح رہے کہ 22 نومبر بروز اتوار کو حیدرآباد کے نمائش میدان میں آئیڈیل یوتھ مومنٹ کی ریاستی سطح پر کانفرنس ہونے جارہی ہے۔ شہر نرمل سے پچاس نوجوانوں کو اس کانفرنس میں شریک کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جو بھی نوجوان اس کانفرنس میں شریک ہونے کا خواہش مند ہے وہ مقامی جماعت اسلامی نرمل کے دفتر سے رجوع ہوسکتا ہے۔ اس تفھیمی اجلاس کا آغاز حافظ مجاہد خان کی تلاوت ترجمانی سے ہوا۔ سید سرفراز احمد نے ترانہ پیش کیا۔

 

اس اجلاس میں محمد اسحق،منڈل انچارج جماعت اسلامی،عبدالحمید، محمد مجاہد، فیض اللہ خان، سید واجد پاشاہ، شیخ اسلم ، شارخ ، محمد جواد ، محمد مدثر ، محمد ارشد ، برادر محمد منور ، شیخ فیصل صدر ایس آئی او ، کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 

نظامت کے فرائض وصی اللہ خان نے انجام دیئے۔ مولانا احمد عبدالعظیم کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button