تلنگانہ

پوکسو کیس کا ملزم بنڈی سائی بھگیرتھ کو جیل میں کوئی وی آئی پی سہولت نہیں – دودھ اور بریڈ پر گزارا

حیدراباد –  پوکسو کیس میں عدالتی تحویل کے تحت حیدراباد کے چرلہ پلی سیٹرل جیل منتقل کیا گیا بنڈی سائی بھگیرتھ کو جیل حکام نے عام قیدیوں کے ساتھ ہی رکھا ہے۔ حکام کے مطابق اسے کسی بھی قسم کی خصوصی سہولت فراہم نہیں کی گئی اور زیرِ سماعت قیدیوں کے لئے مختص بیرک میں ہی منتقل کیا گیا۔

 

واضح رہے کہ پوکسو کیس میں نامزد بھگیرتھ کو عدالت نے دو ہفتوں کے ریمانڈ پر بھیجا ہے۔ پولیس ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تقریباً دو بجے اسے چرلہ پلی جیل لے گئی، جہاں جیل حکام نے تقریباً ایک گھنٹے تک طبی معائنہ اور دیگر ضروری کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد اسے بیرک میں منتقل کردیا۔

 

ذرائع کے مطابق بھگیرتھ کو جس بیرک میں رکھا گیا ہے وہاں دیگر قیدیوں کی آمد و رفت محدود کردی گئی ہے اور جیل محکمہ کے اعلیٰ حکام نے عملے کو اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری کی ہیں۔

 

اطلاعات ہیں کہ بھگیرتھ نے جیل میں فراہم کیا جانے والا روزانہ کا ناشتہ اور اتوار کو دیا جانے والا گوشت پر مشتمل کھانا نہیں کھایا، بلکہ جیل کینٹین سے منگوایا گیا دودھ اور بریڈ استعمال کیا۔

 

دریں اثنا، بھگیرتھ کیس کی تحقیقات، اب تک جمع کئے گئے شواہد، ملزم سے حاصل کی جانے والی معلومات اور مزید ثبوت اکٹھا کرنے کے معاملات پر ایس آئی ٹی افسر رتی راج اور دیگر اعلیٰ حکام نے اتوار کے روز جائزہ اجلاس منعقد کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button