تلنگانہ

تلنگانہ میں پولیس ملازمتوں کے امیدواروں کے لئے خوشخبری – عمر کی حد میں 7 سال تک رعایت

محکمہ پولیس میں بھرتی کے خواہشمند امیدواروں کیلئے خوشخبری۔ حد عمر میں اضافہ

حیدرآباد: تلنگانہ میں سرکاری ملازمتوں کے خواہش مند بے روزگار نوجوانوں کے لیے ریاستی حکومت نے خوشخبری سنائی ہے۔ حکومت نے جمعہ کے روز پولیس، ایکسائز، فاریسٹ اور دیگر یونیفارم سروسز کی ملازمتوں میں بھرتی کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد میں مزید دو سال کا اضافہ کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔

 

پہلے دی گئی پانچ سال کی عمر میں رعایت کے علاوہ اب مزید دو سال شامل کر دیے گئے ہیں۔ یعنی یونیفارم ملازمتوں کے امیدواروں کو مجموعی طور پر 7 سال کی عمر میں رعایت حاصل ہوگی۔اس سلسلے میں حکومت کے چیف سیکریٹری سنجے جاجو نے باضابطہ طور پر سرکاری حکم نامہ (GO) جاری کر دیا ہے۔

 

حکومت کے اس تازہ فیصلے سے ریاست بھر کے ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو آنے والے نوٹیفکیشنز میں مقابلہ کرنے کا موقع ملے گا۔یونیفارم پوسٹس پر بھرتی کے حوالے سے بے روزگار امیدوار طویل عرصے سے حکومت سے عمر کی حد میں رعایت دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ امیدواروں کا کہنا تھا کہ عمر کی حد ختم ہونے کی وجہ سے وہ سرکاری ملازمتوں کے امتحانات میں شرکت کا موقع کھو رہے ہیں

 

اس لیے عمر کی حد میں رعایت دے کر انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ امیدواروں کی درخواستوں پر مثبت انداز میں غور کرنے کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا کہ عمر کی حد میں مزید رعایت دینا مناسب ہوگا۔حکومت نے رواں سال 18 مئی کو جاری کیے گئے GO نمبر 87 کے ذریعے پہلے ہی عمر کی حد میں پانچ سال کی توسیع کی تھی۔ اب بے روزگار امیدواروں کے مطالبے پر اس میں مزید دو سال کا اضافہ کرتے ہوئے نئے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

 

حکومت کی جانب سے جاری کردہ اس تازہ ایڈہاک رول کے مطابق عمر کی یہ رعایت کئی اہم محکموں میں ہونے والی آئندہ براہِ راست بھرتیوں پر لاگو ہوگی۔ پولیس، فائر سروسز، جیل خانہ جات، اسپیشل پروٹیکشن فورس ، ایکسائز، ٹرانسپورٹ اور فاریسٹ محکموں کی تمام یونیفارم پوسٹوں کے لیے مجموعی طور پر 7 سال کی اضافی عمر میں رعایت دستیاب ہوگی۔حکومت نے متعلقہ نوٹیفکیشن کو تلنگانہ اسٹیٹ گزٹ میں شائع کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

 

ان احکامات کی نقول تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ، تلنگانہ پبلک سروس کمیشن تمام اضلاع کے کلکٹروں اور متعلقہ محکمہ جات کے سربراہان کو بھی بھیج دی گئی ہیں۔

 

پولیس اور دیگر سرکاری ملازمتوں کا انتظار کرنے والے نوجوانوں نے حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے بے روزگار امیدواروں کے لیے بڑی راحت اور حوصلے کا باعث قرار دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button