تلنگانہ

گنیش تہوار کے دوران سوشل میڈیا پر پولیس کی کڑی نظر،افواہیں پھیلانے والوں کی خیر نہیں : کمشنر پولیس حیدرآباد

حیدرآباد: کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار آئی پی ایس نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ شہر میں گنیش تہوار کے پر امن انعقاد کیلئے ملازمین پولیس تیار رہیں۔

 

ہفتہ کے روز بنجارہ ہلز میں واقع ٹی جی آئی سی سی سی آڈیٹوریم میں گنیش تہوار کے سیکوریٹی انتظامات کے سلسلے میں کمشنر پولیس نے ماتحتین کے ساتھ ایک اجلاس منتقد کیا جس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر پولیس نے کہا کہ جس طرح حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے بونال تہوار کو کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا

 

اسی طرح اجتماعی کوششوں کے ذریعے گنیش تہوار کو بھی پُرامن طریقے سے مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہنے کے لیے مضبوط اور جامع سیکوریٹی انتظامات کیے جائیں۔کمشنر پولیس نے کہا کہ حیدرآباد کمشنریٹ کے حدود میں موجود تمام گنیش منڈپوں کے منتظمین کے لیے حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے تیار کردہ ایپ کے ذریعے درخواست دینا لازمی ہوگا۔

 

پولیس کمشنر نے کہا کہ تہوار کے دوران معاشرے میں نفرت یا کشیدگی پیدا کرنے والی سوشل میڈیا پوسٹس اور افواہوں پر آئی ٹی سیل اور مقامی پولیس 24 گھنٹے نظر رکھیں گے۔انہوں نے خبردار کیا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے افراد اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button