حیدرآباد سمیت تلنگانہ بھر میں شدید سردی کی لہر اور کہر

حیدرآباد: تلنگانہ بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔ یہی صورتحال گریٹر حیدرآبا میں بھی دیکھی جارہی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں سردی کی لہرمیں مزید اضافہ کاامکان ہے۔
حیدرآباد میں جمعرات کی صبح اقل ترین درجہ حرارت 18ڈگری سلسیس درج کیاگیا جبکہ گذشتہ شب 14ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔ اسی طرح تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد اور آصف آباد کے کئی حصوں میں درجہ حرارت میں غیرمعمولی گراوٹ درج کی گئی۔ عادل آباد ضلع کے ارلی (ٹی) گاؤں میں اقل ترین درجہ حرارت 8.7 ڈگری سیلسیس، جیناتھ منڈل مستقراور بیلہ منڈل مستقر میں اقل ترین درجہ حرارت 9.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
نیراڈی گونڈا، تلماڈو، تمسی منڈلوں میں اقل ترین درجہ حرارت 11 ڈگری سیلسیس سے کم رہا۔ آصف آباد ضلع کے سرپور (یو) منڈل مستقرمیں اقل ترین درجہ حرارت 8.8 ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔ تریانی منڈل کے مختلف علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت 9.4 ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔کیرامیری، جینور، آصف آباد، سرپور (ٹی) اور وانکیڈی منڈلوں کا اقل ترین درجہ حرارت 10 ڈگری اور 13 ڈگری کے
درمیان درج کیاگیا۔ شدید سردی کے باعث صبح اور شام کے اوقات میں کہر کی گھنی چادردیکھی جارہی ہے جس سے گاڑی سواروں کو راستہ نظرنہیں آرہا ہے۔