تلنگانہ

حیدرآباد کی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پر خاتون پروفیسر کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام – اساتذہ اور طلبہ کا احتجاج، خواتین کمیشن نے جاری کیا نوٹس

حیدرآباد: حیدرآباد کے راجندر نگر میں واقع پروفیسر جے شنکر تلنگانہ زرعی یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ایلڈاس جانیا کے خلاف ایک خاتون اسسٹنٹ پروفیسر کی جانب سے جنسی ہراسانی اور ذہنی اذیت پہنچانے کے الزامات عائد کئے جانے کے بعد یونیورسٹی میں احتجاج شروع ہوگیا ہے۔ اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور طلبہ نے متاثرہ خاتون سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وائس چانسلر کے خلاف کارروائی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

 

یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر موسینی تیجا شری نے الزام عائد کیا کہ مائیکرو بایولوجی میں پی ایچ ڈی مکمل کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کرنے کی غرض سے جب وہ وائس چانسلر سے رجوع ہوئیں تو انہوں نے مبینہ طور پر نامناسب ذاتی گفتگو کی اور انہیں ذہنی و جنسی طور پر ہراساں کیا۔ خاتون پروفیسر کے مطابق وائس چانسلر نے ان سے کہا کہ اگر وہ 20 سال پہلے پیدا ہوتے تو ان سے شادی کرلیتے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ان پر بیرون ملک ملازمت کرنے والے اپنے شوہر کو چھوڑنے کے لئے دباؤ ڈالا گیا۔ ان مبینہ پیش قدمیوں کو قبول نہ کرنے پر انہیں نظام آباد منتقل کردیا گیا۔

 

متاثرہ خاتون نے 7 نومبر کو حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی شکایات منظر عام پر لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے ذہنی اذیت برداشت کررہی تھیں اور اس سلسلے میں ڈی جی پی، پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں اور خواتین کی سلامتی کے شعبہ سے بھی شکایت کی، لیکن تاحال انہیں انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شکایت واپس لینے کے لئے بھی دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

 

اس معاملے پر یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر یونیورسٹی کے سربراہ پر ہی خواتین کو ہراساں کرنے کے الزامات عائد ہورہے ہیں تو کیمپس میں خواتین کی حفاظت کون یقینی بنائے گا؟ تلنگانہ زرعی سائنسدانوں کی تنظیم (ٹاسا) اور یونیورسٹی کے ملازمین و طلبہ تنظیموں نے وائس چانسلر کو عہدے سے ہٹانے اور معاملے کی آزادانہ تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجیوں نے کہا کہ ماضی میں اسی نوعیت کی شکایات پر عام ملازمین کے خلاف معطلی جیسی کارروائیاں کی گئیں، لیکن وائس چانسلر کے معاملے میں خاموشی اختیار کی جارہی ہے۔

 

دریں اثنا، یونیورسٹی کے بعض دیگر اساتذہ اور خواتین ملازمین نے خاتون پروفیسر کے الزامات سے اختلاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کا نظام آباد تبادلہ انتظامی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ انہوں نے بھی معاملے کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ احتجاج کے دوران ایک اور خاتون پروفیسر نے بھی وائس چانسلر کے مبینہ نامناسب رویے سے متعلق شکایات کا ذکر کیا ہے۔ تاہم ان تمام الزامات کی سرکاری طور پر تصدیق ہونا باقی ہے۔

 

دوسری جانب تلنگانہ ریاستی خواتین کمیشن نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ایلڈاس جانیا کو تحقیقات کے لئے طلب کیا ہے۔ کمیشن نے 7 نومبر کو جاری کردہ نوٹس میں انہیں 12 نومبر بروز جمعرات دوپہر 12:30 بجے حیدرآباد میں واقع کمیشن کے دفتر میں شخصی طور پر حاضر ہوکر اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اب اس معاملے میں خواتین کمیشن کی تحقیقات اور حکومت کے آئندہ اقدامات پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button