خاتون نے بس کنڈکٹر پر سانپ پھینک دیا۔ حیدرآباد میں عجیب و غریب واقعہ

حیدرآباد۔ شہر میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا۔ نشہ میں دھت خاتون نے بس کنڈکٹر پر سانپ ڈال دیا۔ یہ واقعہ کل شہر کے ودھیا نگر بس اسٹاپ کے پاس پیش آیا، دلسکھ نگر ڈپو کی بس اس راستہ سے گزر رہی تھی کہ ایک شرابی خاتون نے بس روکنے کے لیے ہاتھ بتایا
ڈرائیور نے بس نہیں روکی اور کچھ آگے بڑھ گیا، جس کے ساتھ ہی برہم نشہ میں دھت خاتون نے شراب کی بوتل بس پر پھینک دی جس کے نتیجہ میں بس کا پچھلے حصے کا شیشہ ٹوٹ گیا، شیشہ ٹوٹتے ہی ڈرائیور نے بس روک دی، ڈرائیور اور کنڈکٹر نے شراب کی بوتل پھینکنے اور بس کو نقصان پہنچانے والی خاتون کے پاس پہنچے۔ خاتون کنڈکٹر سپنا نے شرابی خاتون کو پکڑ لیا وہ اسے پکڑے کھڑی رہی
کچھ دیر بعد شرابی خاتون نے اپنے بیاگ سے ایک سانپ نکال کر خاتون کنڈکٹر کے اوپر ڈال دیا جس کے ساتھ ہی خاتون کنڈکٹر پر خوف طاری ہو گیا، ڈرائیور اور دیگر مسافر وہاں سے بھاگ گئے۔ فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی پولیس نے وہاں پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا تاہم تب تک سانپ بھی جا چکا تھا۔ پولیس نے اس معاملہ میں کیس درج کر کے چھان بین شروع کر دی ہے۔