اس طرح کے ویڈیو کالس سے خواتین رہیں ہوشیار ورنہ نیوڈ کالنگ کے نام پر کیا جاسکتا ہے بلیک میل: تلنگانہ پولیس
حیدرآباد: شاطر لڑکیوں کی جانب سے برہنہ ویڈیو کالنگ یعنی نیوڈ کالنگ کے نام پر نوجوانوں کی ویڈیو گرافی کرکے انھیں ٹھگ لینے کے واقعات تو آپ نے سنے ہی ہوں گے لیکن اب ایک نیا طریقہ کار اختیار کیا جارہا ہے جس سے خاص طورپر خواتین کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔
شاطر ملزمین خواتین کو ویڈیو کالنگ کررہے ہیں اور وہ برہنہ حالت میں ہوتے ہیں جیسے ہی خواتین کی جانب سے یہ ویڈیو کال ریسیو کیا جاتا ہے فون کرنے والا شخص جوکہ برہنہ حالت میں ہوتا ہے وہ خواتین کے ساتھ ویڈیو کالنگ کا اسکرین شاٹ لے لیتا ہے، اس کے بعد یہ اسکرین شاٹ خواتین کے فون پر روانہ کرتے ہوئے اسے وائرل کردینے کی دھمکی دے کر بلیک میل کیا جاتا ہے۔
حالانکہ یہ ویڈیو کال صر ف چند سکنڈس کا ہوتا ہے لیکن اسکرین شاٹ دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ متاثرہ خاتون برہنہ شخص سے ویڈیو کالنگ کررہی ہے۔ تلنگانہ پولیس نے ایک ایسا فرضی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہوئے خواتین سے خواہش کی ہے کہ وہ اجنبی افراد یا نامعلوم فون نمبرات کے ذریعہ کئے جانے والے ویڈیو کالس کو
ریسیو نہ کریں اور نہ ہی اس کا جواب دیں ورنہ انھیں پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔