تلنگانہ

حیدرآباد میں "ورک فرم بائیک” کلچر

حیدرآباد/عام طور پر بسوں، ٹرینوں یا دیگر سفری ذرائع میں لوگوں کو لیپ ٹاپ پر کام کرتے ہوئے دیکھا جاتا ہے لیکن حیدرآباد میں ایک نوجوان نے مصروف سڑک پر موٹر سائیکل چلاتے ہوئے لیپ ٹاپ پر کام کرکے سب کو حیران کر دیا۔

 

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں نوجوان کو موٹر سائیکل کی پٹرول ٹنکی پر کھلا لیپ ٹاپ رکھ کر کام کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف قسم کے تبصرے کیے جا رہے ہیں جبکہ کئی افراد نے اس عمل کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔

 

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے بھی اس پر ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر اس قسم کی غیر ذمہ دارانہ حرکات نہ صرف اپنی جان بلکہ دوسروں کی جانوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ہر کام کا ایک مناسب طریقہ کار ہوتا ہے لیکن گاڑی چلاتے ہوئے لیپ ٹاپ پر کام کرنا سنگین حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ ایسے اقدامات سے ڈرائیور کی توجہ سڑک سے ہٹ جاتی ہے جس کے نتیجے میں کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔

 

سجنار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر اپنے پیغام میں شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں سڑکوں پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنی منزل تک محفوظ طریقے سے پہنچنے کو ترجیح دیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button