تلنگانہ کے نئے چیف سکریٹری سنجے جاجو نے عہدے کا چارج سنبھال لیا – چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات
تلنگانہ حکومت کے نئے چیف سکریٹری اور سینئر آئی اے ایس افسر سنجے جاجو نے منگل کے روز ریاستی سکریٹریٹ میں اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ موجودہ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ آج اپنی ملازمت سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ ان کی سبکدوشی کے پیش نظر ریاستی حکومت نے حال ہی میں سنجے جاجو کو تلنگانہ کا نیا چیف سکریٹری مقرر کرتے ہوئے باضابطہ احکامات جاری کئے تھے۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد چیف سکریٹری سنجے جاجو نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور ریاست کی انتظامی ترجیحات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی پروگراموں پر تبادلۂ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سنجے جاجو 1992 بیچ کے سینئر آئی اے ایس افسر ہیں اور ریاستی و مرکزی حکومت میں مختلف اہم انتظامی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ ان کی تقرری کو ریاستی انتظامیہ میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔




