ایجوکیشن

عادل آباد میں مدرس کیئر ہائی اسکول کی منفرد تعلیمی پہل، وعدے کے مطابق طلبہ اور والدین میں انعامات تقسیم 

عادل آباد میں مدرس کیئر ہائی اسکول کی منفرد تعلیمی پہل، وعدے کے مطابق طلبہ اور والدین میں انعامات تقسیم

 

عادل آباد، 30/ جون (اردو لیکس)عادل آباد کے معروف خانگی تعلیمی ادارے مدرس کیئر ہائی اسکول (انگلش میڈیم) نے معیاری تعلیم، طلبہ کی ہمہ جہت ترقی اور والدین و اسکول کے درمیان مضبوط اشتراک کو فروغ دینے کے لیے ایک منفرد اور مثالی اقدام کرتے ہوئے اپنا کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا۔

 

اسکول انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی سال 2025-26 کے آغاز پر طے کردہ معیار پر پورا اترنے والے طلبہ اور والدین میں خصوصی انعامات تقسیم کیے گئے۔اسکول کے کرسپانڈنٹ شیخ جمیل احمد کی متحرک قیادت اور پرنسپل ناصر بن عیسیٰ کی نگرانی میں تعلیمی سال 2025-26 کے آغاز پر نرسری سے جماعت نہم تک ہر کلاس سے دو والدین/سرپرست اور ایک طالب علم کا انتخاب مخصوص تعلیمی، انتظامی اور اخلاقی معیار کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ جو والدین اور طلبہ پورے تعلیمی سال کے دوران مقررہ شرائط پر مکمل طور پر عمل کریں گے

 

، انہیں تعلیمی سال 2026-27 کے لیے خصوصی مراعات اور انعامات سے نوازا جائے گا۔سال بھر منتخب والدین نے اپنے بچوں کے ہوم ورک کی باقاعدہ نگرانی کی، والدین و اساتذہ کی نشستوں (پی ٹی ایم) میں مسلسل شرکت کی، اسکول فیس وقت پر ادا کی، بچوں کی حاضری کو یقینی بنایا اور اسکول کے تمام قواعد و ضوابط کی پابندی کی۔

 

دوسری جانب منتخب طلبہ نے بہترین تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، صاف ستھری نوٹ بکس اور عمدہ لکھائی برقرار رکھی، مکمل یونیفارم میں پابندی سے حاضر ہوئے، اسکول کیمپس میں انگریزی زبان میں گفتگو کی، نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور کھیلوں و ثقافتی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔منگل کے روز منعقدہ خصوصی تقریب میں اسکول انتظامیہ نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے تمام شرائط پر پورا اترنے والے والدین اور طلبہ میں اعلان کردہ انعامات تقسیم کیے۔ اول انعام حاصل کرنے والے والدین کو آئندہ تعلیمی سال کی مکمل اسکول فیس معاف کرنے، مفت نصابی کتب، امتحانی و تفریحی دوروں کی فیس سے استثنا، ایک مکمل اسکول یونیفارم بمعہ ضروری لوازمات اور دیگر تعلیمی سہولیات فراہم کی گئیں

 

۔اسی طرح منتخب طلبہ کو مفت نصابی کتب، نوٹ بکس، اسکول یونیفارم، امتحانی فیس میں رعایت، اسنادِ امتیاز اور شاندار تعلیمی، اخلاقی اور ہم نصابی کارکردگی کے اعتراف میں باوقار "اسٹار اچیور ایوارڈ” سے بھی نوازا گیا۔انعامات حاصل کرنے والے طلبہ اور والدین نے اس منفرد اور حوصلہ افزا اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نہ صرف طلبہ میں تعلیمی شوق، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرتے ہیں

 

بلکہ والدین کو بھی اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔اس موقع پر تمام انعام یافتگان نے اسکول کے کرسپانڈنٹ شیخ جمیل احمد اور پرنسپل ناصر بن عیسیٰ کی دوراندیش قیادت اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مدرس کیئر ہائی اسکول نے عادل آباد میں تعلیمی معیار، والدین کی شمولیت اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کا ایک نیا اور مثالی معیار قائم کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button