قلعہ روڈ او ر بودھن روڈ پر ہیوی وہیکلس اور آرٹی سی بسوں کی آمد رفت کے داخلہ پر تحدیدات عائد کئے جائیں _ کانگریس اقلیتی قائدین کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس

قلعہ روڈ او ر بودھن روڈ پر ہیوی وہیکلس اور آرٹی سی بسوں کی آمد رفت کے داخلہ پر تحدیدات عائد کئے جائیں
متبادل اقدامات کیلئے تجاویز۔نظام آباد کے کانگریس قائدین کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
نظام آباد:6/جولائی (اردو لیکس) قلعہ روڈ اور بودھن روڈ پر ہیوی وہیکلس اور آرٹی سی بسوں کی آمد ورفت کو روکنے کیلئے محکمہ آرٹی سی اور ٹرافک پولیس عہدیداروں کے ہمراہ کانگریس قائدین کے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اجلاس میں کانگریس اقلیتی قائدین مسرز سید نجیب علی ایڈوکیٹ، ایم اے فہیم سابقہ ڈپٹی میئر، اشفاق احمد خان پاپا، ڈاکٹر محمد اختر سابقہ ڈائرکٹر نوڈا نے شرکت کی
۔ قلعہ روڈ کے مصروف ترین شاہراہ پر جہاں کئی ایک تعلیمی ادارے واقع ہیں ہیوی وہیکلس اور بسوں کی مسلسل آمد ورفت کے باعث حادثات کے خدشات بڑھ گئے ہیں تاحال اس سڑک پر کئی حادثات رونما ہوچکے ہیں او ر ان حادثات میں کئی افراد ہلاک ہوگئے۔ اس علاقہ سے ہیوی وہیکلس اور بسوں کے باعث گنجان آبادی والے علاقے سے گذرنے والی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سلسلہ میں آج منعقدہ اجلاس میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ وفد نے بتایاکہ قلعہ چوراستہ سے براہ گوشالہ روڈ اور بودھن روڈ سے آنے والی گاڑیوں کو ارسہ پلی سے بائی پاس کی سمت موڑ دیا جانا چاہئے۔ آرٹی سی کے عہدیداروں نے بتایاکہ یومیہ بودھن روڈ سے 70سے زائد بسوں کی آمد ورفت رہتی ہے تاہم آرٹی سی کے عہدیداروں نے گوشالہ روڈ تنگ ہونے کے باعث اس علاقہ سے آرٹی سی بسوں کے گذرنے کو دشوار قرار دیا۔
وفد نے ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو، کمشنر پولیس کلمیشور اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ گوشالہ روڈ کی توسیع عمل میں لانے اور گوشالہ کمیٹی سے بات چیت کا مشورہ دیا۔ ہیوی وہیکلس کو بائی پاس سے براہ خانہ پو ر او ربودھن کی سمت موڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ ارسہ پلی کے پاس ریلوے گیٹ پر ٹرافک کے مسائل پر بھی قابو پایاجاسکتا ہے۔ ارسہ پلی ریلوے گیٹ ٹرافک کے باعث کئی مرتبہ بند ہوتا ہے اور یہاں سے بسوں کو چلانے سے مشکل ہوسکتی ہے۔ ٹرافک پولیس عہدیداروں کا کہنا تھا کہ متبادل روڈ کے طورپر سابقہ روٹ میاپ جو سرکاری دواخانہ براہ دیوی روڈ، نہرو پارک، بودھن بس اسٹانڈ بحال کرنے پر غور کیاجارہا ہے۔ کانگریس وفد کا احساس تھا کہ اس طرح شہر میں کیونکہ سڑکیں تنگ ہونے کے باعث شہر میں ٹرافک کے مسائل پیدا ہوں گے۔
کانگریس قائدین نے جلد از جلد اس مسئلہ کی یکسوئی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا اس سلسلہ میں متبادل تجاویز دی گئیں متعلقہ کارپوریٹرس، عوامی نمائندوں کے ہمراہ ایک اجلاس بہت جلد کمشنر بلدیہ کے ساتھ منعقد کیاجائے گا۔ بعد ازاں اجلاس کی روداد سے ریاستی مشیر حکومت برائے درج فہرست اقوام واقلیتی امور جناب محمد علی شبیر کو واقف کرایا گیا۔ اس مسئلہ پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرنے اور مسئلہ کی جلد ازجلد یکسوئی عمل میں لانے کا تیقن دیا۔