جنرل نیوز

جماعت اسلامی ملک پیٹ کی سیرت ایکسپو کا انعقاد _ افتتاحی تقریب سے محمد اظہر الدین، رکن اسمبلی مجلس احمد بن عبداللہ بلعلہ اور ڈاکٹر مبشر احمد کا خطاب  

حضور ﷺ نے کم وقت میں تاریخ انسانی کا بے نظیر انقلاب برپا کیا

امّت کو اسوہ حسنہ اپنانے کی ضرورت ۔ جماعت اسلامی ملک پیٹ کی سیرت ایکسپو کا انعقاد

افتتاحی تقریب سے محمد اظہر الدین، احمد بن عبداللہ بلعلہ اور ڈاکٹر مبشر احمد کا خطاب  

 

حیدرآباد :( پریس نوٹ ) نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ میں امّت مسلمہ کے لیے عزت و سربلندی کا درس موجود ہے۔حضورؐ نے کم وقت میں بڑا کام کیا ہے اور انسانی تاریخ کا ایک بے مثال انقلاب برپا کیا ہے۔ آپ سے محبت اور تعلق کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے اندر حضورﷺ کی کامل اطاعت و اتباع کا جذبہ پیدا کریں اور میدان عمل میں سرگرم عمل رہیں۔ حضور کا اسوہ ہمیں اچھے اخلاق پیدا کرنے ، سلام کو عام کرنے ، غیبت سے بچنے ، وعدہ وفا کرنے اور ہر ایک سے خیر خواہی کرنے کا درس دیتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مہمان مقررین نے آج جماعت اسلامی ہند ، ملک پیٹ کی جانب سے مہاراجہ فنکشن ہال ، ذاکر حسین کالونی میں منعقدہ ’سیرت ایکسپو‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کو جناب محمد اظہر الدین معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ ، جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ رکن اسمبلی ملک پیٹ اور ڈاکٹر مبشر احمد ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد اور جناب محمد مجیب الاعلیٰ امیر مقامی ملک پیٹ نے مخاطب کیا جبکہ جناب سید محمد عبدالقادر ناصر رکن مقامی مجلس شوریٰ نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

 

مہمان خصوصی جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان مختلف کھلاڑیوں ، فلمی ستاروں یا لیڈروں کا اسٹائل اپنا کر فخر محسوس کرتے ہیں لیکن ہمارے رول ماڈل محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں، ہمیں آپ ہی کا طریقہ اور انداز اختیار کرنا چاہیے ۔جناب محمد اظہرالدین معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند ، تلنگانہ نے اپنی مختصر گفتگو میں بچوں کو اور مرد وخواتین کو سنت رسول کی پیروی کرتے ہوئے سلام میں پہل کرنے، غیبت سے بچنے اور وعدہ پورا کرنے کی تلقین کی ۔ ڈاکٹر مبشر احمد ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد نے کہا کہ ہم عملی میدان میں سرگرم رہ کر ہی اللہ کے رسولؐ سے محبت کاثبوت پیش کرسکتے ہیں اور صحیح سمت میں کام کرنے کے لیے ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم سیرت کا مطالعہ کریں کیونکہ ہر دور میں سیرت رسول کی عصری معنویت برقرار رہے گی۔

 

قبل ازیں جناب محمد مجیب الاعلیٰ امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ نے اپنی خیرمقدمی تقریر میں کہا کہ ’’سیرت ایکسپو ‘‘کے انعقاد کا یہ متواتر چوتھا سال ہے۔ ہر سال کچھ نئے اضافوں کے ساتھ اسے بہتر سے بہتر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو جماعت کے کیڈر بالخصوص شعبہ خواتین، جی آئی او ، ایس آئی او اور سی آئی او کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ امیر مقامی نے بتایا کہ اس سرگرمی کے تحت ملک پیٹ کے حدود میں واقع اسکولوں میں سیرت مقابلے رکھے گئے تھے جس میں 35 اسکولوں سے 6 ہزار طلبہ نے حصہ لیا اور 600 طلبہ کو انعام اول و دوم کا حق دار قرار دیا گیا ہے۔اکسپو کے کنوینر جناب حافظ عبدالعزیز نے شکریہ ادا کیا۔ نمائش میں مختلف ماڈلس اور فلیکس چارٹس کے ذریعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے شب و روز کے معمولات اور اخلاقی تعلیمات کو اجاگر کیا گیا ۔

 

ایکسپو میں شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند کی ملک گیر مہم ’’اخلاقی محاسن آزادی کے ضامن‘‘ کے عنوان سے ایک الگ گوشہ ترتیب دیا گیا تھا ۔ نیز دستاویزی فلموں کی نمائش،بچوں کےلیےخصوصی سرگرمیاں،برسرموقع کوئز و انعامات، بک اسٹال اور فوڈ کورٹ بھی اس نمائش کا حصہ تھے ۔مشاہدہ کرنے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور اسکولی بچوں کی تھی۔اتوار کی چھٹی کی وجہہ سے لوگوں نے کثیر تعداد میں اپنے ارکان خاندان کے ساتھ سیرت ایکسپو کا مشاہدہ کیا۔ ایکسپو میں حضورﷺ کے معمولات و اخلاقی تعلیمات کے علاوہ بچوں نے آپ ﷺ کی دعوتی سرگرمیوں‘ مکہ مکرمہ‘ مدینہ منورہ‘ غار حرا‘ غار ثور‘ مختلف غزوات، مکی اور مدنی دور کے حالات کو مختلف ماڈلس کے ذریعہ بہت ہی خوبصورت انداز میں پیش کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button