اردو زبان آج صرف مشاعروں، اردو اخبارات تک ہی محدود – اردو کی ترقی کیلئے اردو دان طبقہ آگے آئیں ؛ یوم عالمی اردو کے موقع صدر اردو گھر کورٹلہ عبدالخالق، رکن بلدیہ محمد وسیم کا خطاب
کورٹلہ 9/نومبر ( اردو لیکس) اردو زبان کی بقا، ترقی کیلئے اردو دان طبقہ آگے آئے اور اپنی نسلوں تک اردو زبان کو قائم و زندہ رکھنے کے اقدامات کریں ورنہ اردو دان طبقہ خود ہی اردو زبان کے خاتمے کا ذمہ دار ہوگا ان خیالات کا اظہار عبدالخالق صدر اردو گھر ڈیولپمنٹ ویلفیئر سوسائٹی کورٹلہ، محمد وسیم رکن بلدیہ کورٹلہ نے اردو گھر کورٹلہ میں 9/نومبر "یوم عالمی اردو” کے موقع پر اپنے ایک خصوصی خطاب میں کہا۔
انہوں نے کہاکہ ہم اردو دان طبقہ کی جانب سے اردو زبان کا غیر استعمال، اسکی پستی وجہ اور ہمارے طبقہ میں اردو زبان کے آہستہ آہستہ معدوم ہونے کی وجہ بن رہی اور آج اردو زبان کی حالت کے ذمہ دار صرف اور صرف اردو دان طبقہ ہے جن کی جانب سے اپنی نسلوں کو دیگر مقامی زبانیں تلگو،ہندی، انگریزی جیسی دوسری غیر مادری زبانوں میں تعلیم دلوانے کے سبب اردو زبان آہستہ آہستہ معدوم ہورہی ہے اور خدشہ ہے کہ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مخالف اردو عناصر اردو زبان کے خاتمے کے اقدامات نہ کر بیٹھیں کیونکہ اردو دان طبقہ کی اردو زبان سے دوری آج اردو زبان کے نقصان کی وجہ بن رہی ہے پہلے اردو دان کی تعداد دیگر زبانوں کے جاننے والوں کے تعداد کے مماثل ہوا کرتی تھی
اور ملک کی عوام ہندو، مسلم،سکھ، عیسائی اور دیگر طبقات کی عوام اردو میڈیم (زریعہ تعلیم) سے وابستہ تھی اور اردو مہارت رکھتی تھی مگر آج خود اردو دان طبقہ (مسلمانوں)کے بچے اردو زبان سے ناواقف ہیں جو بڑے شرم کی بات ہے ہم نے اپنی مادری زبان کیساتھ سوتیلا سلوک کیا ہے جبکہ ہمارے علاقے کی تلگو زبان جس طبقے کے لوگوں کی مادری زبان ہے وہ آج بھی پھل پھول رہی ہے جبکہ اردو دان طبقہ بالخصوص مسلمان اپنی مادری زبان سے ناواقف ہوکر دیگر زبانوں میں اپنی نسلوں کو آگے بڑھا رہے ہیں،سرکاری دفاتروں، بس،ریلوے اسٹیشنوں،ایئر پورٹس، میں اردو زبان کو نظر انداز کیا جاتا ہے حالانکہ ریاست تلنگانہ کی دوسری سرکاری زبان اردو ہونے کے باوجود سرکاری دفتری کام کاج میں اور دیگر دستاویزات میں حتی کہ درخواست تک اردو میں دینے تک کی آذادی آج نہیں ہے۔ تلگو یا انگریزی زبانوں میں ہی درخواستوں کا چلن عام ہے جبکہ اردو سرکاری طور نام کیلئے دوسری سرکاری زبان ہے
انہوں نے کہاکہ افسوس صد افسوس اردو آج صرف مشاعروں اور اردو اخبار کی زینت بنی ہوئی ہے انہوں نے اس موقع پر اردو دان طبقہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو کسی بھی اردو میڈیم مدارس میں داخلہ دلوائیں اگر نہ ہوسکے تو کم از کم انہیں اردو زبان سے ضرور واقف کروائیں تاکہ ہماری نسلوں تک اردو زبان باقی رہے۔اس موقع پر انہوں نے تمام عالم کے اردو دان طبقے کو یوم عالمی اردو کی مبارکباد پیش کی اور اردو کی بقا اور اسکی ترقی کیلئے اردو دان طبقہ کو آگے آنے کی اپیل کی۔



